برڈ فلو کی وجہ سے دہلی میں چار پارک بند، سبزیاں ہوں گی مہنگی
برڈ فلو کی وجہ سے دہلی حکومت نے ہفتے کو مشرقی دہلی کے غازی پور میں واقع مرغ مارکیٹ دس دنوں کے لئے بند رکھنے کا اعلان کر دیا ہے ۔
پورے ملک میں برڈ فلو کی دہشت ہے اور اس کی وجہ سے لوگوں میں نہ صرف مرغ وغیرہ کھانے سے خوف ہے بلکہ ایسے مقامات پر بھی جانے سے ڈر رہے ہیں جہاں ان کا واسطہ پرندوں سے پڑ سکتا ہے۔ اسی خوف اور دہشت کو دیکھتے ہوئے دہلی حکومت نے دارالحکومت میں برڈ فلوکو پھیلنے سے روکنے کے خاطراحتیاط کے طور پر دہلی میں چار پارکوں کو ہفتہ کے روز عوام کے لئے بند کردیا ہے۔
حکومت دہلی کے ایک اہلکارنے کل اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ حوض خاص پارک، دوارکا سیکٹر 9 پارک، اسپتال پارک اور سنجے لیک کو بند کردیا گیا ہے۔
اس سے قبل ملک میں برڈ فلو کی اطلاعات کے درمیان دہلی حکومت نے ہفتے کو مشرقی دہلی کے غازی پور میں واقع مرغ مارکیٹ دس دنوں کے لئے بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔
چیف منسٹر اروند کیجریوال نے کل کہا کہ دہلی حکومت برڈ فلو سے متعلق تمام ضروری اقدامات کررہی ہے اور اس سے پریشان ہونے کی کوئی بات نہیں ہے۔حقیقت یہ ہے کہ عوام گوشت کھانے سے پرہیز کر رہی ہے اور اس کی کوشش ہے کہ کسی بھی تقریب میں سبزی اور دال ہی کا استعمال کرے۔
برڈ فلو کی وجہ سے جہاں گوشت وغیرہ کی قیمتیں کم ہوتی نظر آ رہی ہیں وہیں آنے والے دنوں میں سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے اور مہنگائی اور کورونا وبا کے اس دور میں یہ غریبوں کے لئے نئی پریشانی ہو سکتی ہے۔
(یو این آئی کے انپٹ کے ساتھ)
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔