کشمیر میں این آئی اے کے چھاپے، مزید چار افراد گرفتار
این آئی اے کے جاری بیان کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے مطابق گرفتار شدگان مختلف جنگجو تنظیموں کے ساتھ اعانت کاروں کی حیثیت سے کام کر رہے تھے۔
قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے چھاپوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے بدھ کو وادی کشمیر کے چار اضلاع سری نگر، پلوامہ، کولگام اور بارہمولہ میں 11 مقامات پر چھاپے مار کر مزید چار ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
این آئی اے کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ملی ٹینسی سازش کیس کے سلسلے میں این آئی اے نے سری نگر، پلوامہ، کولگام اور بارہمولہ اضلاع میں 11 مقامات پر چھاپے مار کر مزید چار لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔
انہوں نے گرفتار شدگان کی شناخت سہیل احمد ٹھوکر ساکن کولگام، کامران اشرف ریشی ساکن حضرت بل سری نگر، رائد بشیر اور حنان گلزار ڈار ساکنان سری نگر کے بطور کی ہے۔
این آئی اے ترجمان نے بیان میں کہا ہے کہ رواں ماہ کی 10 تاریخ کو درج کئے جانے والے اس کیس میں اب تک نو افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا: 'ابتدائی تحقیقات کے مطابق گرفتار شدگان مختلف جنگجو تنظیموں کے ساتھ اعانت کاروں کی حیثیت سے کام کر رہے تھے اور وہ جنگجوؤں کو جنگجویانہ کارروائیاں انجام دینے کے لئے منطقی و دیگر سپورٹ فراہم کر رہے تھے'۔
بیان میں مزید کہا ہے: 'یہ کیس کالعدم جنگجو تنظیموں بشمول لشکر طیبہ، جیش محمد، حزب المجاہدین، البدر اور ان سے وابستہ ٹی آر ایف جیسی تنظیموں کی طرف سے جموں و کشمیر، دلی اور دوسرے بڑے شہروں میں دہشت گردانہ کارروائیاں انجام دینے کے بارے میں موصولہ اطلاعات کے متعلق درج کیا گیا ہے'۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔