کبڈی کھلاڑی سندیپ ننگل کے قتل کے الزام میں چار گرفتار

پولیس کے مطابق چاروں ملزمان ہسٹری شیٹر ہیں اور ان کے خلاف 20 سے زائد فوجداری مقدمات درج ہیں جن میں زیادہ تر قتل اور اقدام قتل کے ہیں۔

سندیپ ننگل، تصویر آئی اے این ایس
سندیپ ننگل، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

چنڈی گڑھ: پنجاب پولیس نے جالندھر کے مالیان گاؤں میں 14 مارچ کی شام کو کبڈی میچ کے دوران بین الاقوامی کبڈی کھلاڑی سندیپ ننگل امبیا کے قتل کے سلسلے میں چار افراد کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت سنگرور کے فتح سنگھ عرف یووراج، ہریانہ کے گروگرام کے نہر پور روپا کے کوشل چودھری، ہریانہ کے مہیش پور پالوان گاؤں کے امیت ڈاگر اور اتر پردیش کے پیلی بھیت کے مادھو پور گاؤں کے سمرن جیت سنگھ عرف جوجھر سنگھ کے طور پر کی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق چاروں ملزمان ہسٹری شیٹر ہیں اور ان کے خلاف 20 سے زائد فوجداری مقدمات درج ہیں جن میں زیادہ تر قتل اور اقدام قتل کے ہیں۔ اس کے علاوہ، پنجاب پولیس نے اس معاملے میں تین اہم سازش کاروں کا بھی انکشاف کیا ہے، جن کی شناخت امرتسر کے سنور ڈھلوں، موگا کے دونیکے گاؤں کے سکھوندر سنگھ عرف سکھا دونیکے اور لدھیانہ کے دہلوں کے جگجیت سنگھ عرف گاندھی کے طور پر کی گئی ہے۔ اسنوور اور سکھویندر اس وقت کینیڈا میں مقیم ہیں، جبکہ گاندھی اس وقت ملائیشیا میں مقیم ہیں۔


اطلاعات کے مطابق سنور ڈھلوں کینیڈا کے ’’ساتھٹی وی‘‘ اور ریڈیو شو کے پروڈیوسر اور ڈائریکٹر ہیں۔ پنجاب پولیس کے ڈائریکٹر جنرل وی کے بھورا نے کہا کہ فتح سنگھ کو پہلے گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق فتح سنگھ نے انکشاف کیا ہے کہ سنور ڈھلوں نے نیشنل کبڈی فیڈریشن آف اونٹاریو بنائی تھی اور کبڈی کے مختلف کھلاڑیوں کو اپنی فیڈریشن میں شامل ہونے کے لیے قائل کرنے کی کوشش کی تھی۔ میجر لیگ کبڈی سے مشہور کھلاڑی وابستہ تھے، جن کا انتظام مقتول سندیپ کے ذریعہ کیا جارہا تھا جو سنور فیڈریشن کو چبھ رہا تھا۔

ملزم فتح نے یہ بھی انکشاف کیا کہ اس نے کچھ کھلاڑیوں پر سنور فیڈریشن میں شمولیت کے لیے دباؤ ڈالا تھا۔ جالندھر رورل کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ستیندر سنگھ نے کہا کہ فتح نے اعتراف کیا ہے کہ سنور کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اس نے امیت ڈاگر، کوشل چودھری، جگجیت سنگھ، لکی پٹیال اور سکھا دونیکے کے ساتھ مل کر سندیپ کو مارنے کا بندوبست کیا۔ اس نے کہا کہ سکھا دونیکے کی ہدایت پر سمرن جیت عرف جوجھر نے امرتسر کے پریتم انکلیو میں اپنے رشتہ دار سوارن سنگھ کے گھر حملہ آوروں کو چھپنے کی جگہ دی۔ پولیس نے سوارن سنگھ کے گھر سے 18 زندہ کارتوس اور 12 بور رائفل برآمد کی ہے۔ پولیس افسر ستیندر سنگھ نے بتایا کہ فائرنگ کرنے والوں کی بھی شناخت ہو گئی ہے اور انہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔