’میں نے نہ فون کیا اور نہ ہی ملا‘،حامد انصاری کا بی جے پی پر جھوٹ پھیلانے کا الزام
حامد انصاری نے بی جے پی پر 'جوابی حملہ' کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے سرکاری ترجمان کی طرف سے ان پر جھوٹے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔
سابق نائب صدر حامد انصاری نے بی جے پی پر 'جوابی حملہ' کیا ہے ۔ انہوں نے بیان دیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ میڈیا کے کچھ حصوں اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے سرکاری ترجمان کی طرف سے ان کے خلاف جھوٹے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔بی جے پی کے الزام کا جواب دیتے ہوئے سابق نائب صدر انصاری نے کہا کہ نائب صدر کے کسی بھی پروگرام میں غیر ملکی مہمانوں کو حکومت کے مشورہ کے بعد مدعو کیا جاتا ہے۔ غیر ملکی مہمانوں کو وزارت خارجہ کے ذریعے مدعو کیا جاتا ہے۔
حامد انصاری نے کہا ہے کہ وہ نصرت مرزا سے کبھی نہیں ملے۔ انصاری نے اپنے بیان میں کہا ہے، "میں نے 11 دسمبر 2010 کو 'انٹرنیشنل کانفرنس آف جیورسٹ آن انٹرنیشنل ٹیررازم اینڈہیو مون رائٹس' کا افتتاح کیا۔ عموماً ایسی کانفرنسوں میں مہمانوں کی فہرست منتظمین تیار کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ’ میں نے نہ کبھی نصرت مرزا کو فون کیا اور نہ ہی ملا۔‘
الزامات کا جواب دیتے ہوئے، انصاری نے کہا، "یہ ایک معلوم حقیقت ہے کہ نائب صدر کے ذریعہ غیر ملکی معززین کو دعوت نامے حکومت کے مشورے پر بھیجے جاتے ہیں، عام طور پر وزارت خارجہ کے ذریعے۔"
انہوں نے مزید کہا، "مجھ پر یہ الزامات لگائے جا رہے ہیں کہ میں دہشت گردی پر ایک کانفرنس میں ان سے ملا تھا اور جب میں ایران میں ہندوستان کا سفیر تھا۔ یہ الزام بھی لگایا جا رہا ہے کہ میں نے قومی سلامتی سے غداری کی۔ لیکن یہاں میں یہ واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ نہ میں مرزا سے ملا ہوں اور نہ ہی انہیں بلایا ہے۔
سابق نائب صدر نے کہا، "ایران میں ہندوستان کے سفیر کا کام حکومت کے علم میں رہا ہے۔ میں ملک کی سلامتی کے لیے پرعزم ہوں۔ حکومت ہند کے پاس تمام معلومات ہے اور صرف وہی سچ بتا سکتی ہیں۔ایران میں میرا دور ریکارڈ پر ہے۔ اس کے بعد مجھے نیویارک میں اقوام متحدہ میں ہندوستان کا مستقل رکن بنایا گیا۔ میرے کام کو ملک اور دنیا میں سراہا گیا ہے۔"
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔