تلنگانہ کے سابق وزیر اعلیٰ چندرشیکھر راؤ کو اسپتال سے ملی چھٹی، کامیاب آپریشن کے بعد گھر لوٹے
بی آر ایس چیف اور سابق وزیر اعلیٰ کے سی آر 8 دسمبر کو اپنی رہائش پر گر گئے تھے جس سے انھیں فریکچر ہو گیا تھا، بعد میں ان کا ہِپ رپلیسمنٹ سرجری ہوا اور اب انھیں اسپتال سے چھٹی مل گئی ہے۔
تلنگانہ کے سابق وزیر اعلیٰ کے چندرشیکھر راؤ (کے سی آر) کو اسپتال سے چھٹی مل گئی ہے۔ ذرائع کے حوالے سے خبر سامنے آ رہی ہے کہ کے سی آر اسپتال سے نندی نگر اپنی رہائش جائیں گے، حالانکہ اس سلسلے میں مصدقہ طور پر کچھ بھی نہیں کہا جا رہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ بی آر ایس چیف اور سابق وزیر اعلیٰ کے سی آر 8 دسمبر کو اپنی رہائش پر گر گئے تھے جس کی وجہ سے انھیں فریکچر آ گیا تھا۔ بعد ازاں انھیں پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے ان کا علاج کیا۔ ڈاکٹروں کے مشورہ کے بعد کے سی آر کی ہِپ رپلیسمنٹ سرجری کی گئی جو کامیاب رہی۔ اب انھیں اسپتال سے چھٹی ضرور مل گئی ہے، لیکن پوری طرح صحت یاب ہونے میں انھیں 6 سے 8 ہفتے کا وقت لگے گا۔
واضح رہے کہ چندرشیکھر راؤ کا آپریشن ہونے کے بعد کئی سیاسی و فلمی ہستیوں نے اسپتال پہنچ کر ان سے ملاقات کی۔ تلنگانہ کے نومنتخب وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی اور ان کی کابینہ کے کئی لیڈران نے بھی اسپتال میں کے سی آر کی عیادت کی۔ علاوہ ازیں ٹی ڈی پی چیف چندربابو نائیڈو، سپراسٹار چرنجیوی اور پرکاش راج جیسی ہستیاں بھی ان کا حال چال پوچھنے کے لیے اسپتال پہنچے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔