ٹاٹا سنز کے سابق سربراہ سائرس مستری کی سڑک حادثے میں ہوئی موت

سائرس مستری نے رتن ٹاٹا کی ریٹائرمنٹ پر دسمبر 2012 میں ٹاٹا سنز کے چھٹے چیئرمین کا عہدہ سنبھالا تھا۔ حالانکہ انہیں اکتوبر 2016 میں کئی کاروباری فیصلوں پر تنازعہ کے بعد عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

ٹاٹا سنز کے سابق چیئرمین سائرس مستری کی احمد آباد سے ممبئی واپسی کے دوران سڑک حادثے میں موت ہو گئی۔ کار میں مستری سمیت 4 افراد موجود تھے، جن میں سے 2 کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جب کہ 2 کو تشویشناک حالت میں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

یہ حادثہ پالگھر ضلع میں پیش آیا۔ پالگھر پولیس کے مطابق ٹاٹا سنز کے سابق چیئرمین سائرس مستری اتوار کو احمد آباد سے ممبئی جا رہے تھے کہ ان کی کار ایک ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی۔ گاڑی میں چار لوگ سوار تھے۔ مستری سمیت دو کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جب کہ دیگر دو کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔


مہاراشٹر کے وزیر اعلی ایکناتھ شندے نے ٹاٹا سنز کے سابق سربراہ سائرس مستری کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس واقعہ کے بارے میں سن کر حیران ہیں۔ وہ نہ صرف ایک کامیاب کاروباری شخصیت تھے بلکہ صنعت میں ایک نوجوان، روشن اور بصیرت رکھنے والی شخصیت کے طور پر بھی دیکھے جاتے تھے۔ یہ بہت بڑا نقصان ہے۔ میں دل سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

غور طلب بات یہ ہے کہ رتن ٹاٹا کے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد سائرس مستری نے دسمبر 2012 میں ٹاٹا سنز کے چیئرمین کا عہدہ سنبھالا۔ وہ ٹاٹا سنز کے چھٹے چیئرمین بنے۔ حالانکہ، مستری کو اکتوبر 2016 میں کئی کاروباری فیصلوں پر تنازعہ کے بعد برطرف کر دیا گیا تھا۔ ان کے بعد این چندر شیکھر نے ٹاٹا سنز کے ایگزیکٹو چیئرمین کے طور پر عہدہ سنبھالا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔