مشہور کمپنی ’ایٹلس سائیکل‘ کے سابق صدر نے کی خودکشی، گھر میں خود کو گولی مار کر کیا ہلاک

گزشتہ کچھ دنوں میں دہلی کے اندر خودکشی سے متعلق ہائی پروفائل کیس کا یہ دوسرا معاملہ ہے، گزشتہ ماہ ای ڈی میں تعینات افسر آلوک کمار رنجن نے خودکشی کر لی تھی۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آواز بیورو

دہلی کے عبدالکلام لین علاقہ میں آج ایک سنسنی خیز واقعہ پیش آیا جب یہاں رہنے والے 65 سالہ سلل کپور نے خودکشی کر لی۔ سلل ’ایٹلس سائیکل‘ کمپنی میں صدر رہ چکے ہیں اور ان کی خودکشی کی خبر نے علاقے کے لوگوں کو حیران کر دیا ہے۔ اس اندوہناک واقعہ کی خبر ملتے ہی پولیس جائے حادثہ پر پہنچی اور معاملے کی تحقیقات شروع کر دی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ منگل کی دوپہر تقریباً 2 بجے سلل نے خود کو سر میں گولی مار کر ہلاک کر لیا۔ اس واقعہ کی جانکاری ملتے ہی پولیس ٹیم موقع پر پہنچی اور جانچ بھی شروع کر دی گئی۔ پولیس کے مطابق ابھی تک خودکشی کی وجہ کا کچھ بھی پتہ نہیں چل سکا ہے۔ حالانکہ کچھ خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ پولیس کو جائے حادثہ سے خودکشی نوٹ برآمد ہوا ہے۔ غالباً سلل نے اس نوٹ میں کچھ لوگوں کو ذہنی و معاشی طور سے پریشانی کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔


قابل ذکر ہے کہ گزشتہ کچھ دنوں میں دہلی کے اندر خودکشی کے ہائی پروفائل کیس کا یہ دوسرا معاملہ سامنے آیا ہے۔ گزشتہ مہینے ای ڈی میں تعینات افسر آلوک کمار رنجن نے خودکشی کر لی تھی۔ ان کی لاش صاحب آباد میں ریلوے ٹریک پر پڑی ملی تھی۔ اس کی خبر ملتے ہی چہ می گوئیاں شروع ہو گئی تھیں۔ پولیس موقع پر پہنچی اور جانچ کرنے کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا۔

اس حادثہ کی جانکاری ملنے پر ای ڈی کے افسر بھی پہنچے تھے، لیکن انھوں نے کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا تھا۔ آلوک رنجن ایک مبینہ بدعنوانی معاملے میں ای ڈی اور سی بی آئی کی جانچ کے دائرے میں تھے۔ بتایا جا رہا ہے کہ جانچ کے دائرے میں آنے کے بعد سے ہی وہ کافی پریشان چل رہے تھے۔ سی بی آئی کی ایف آئی آر میں آلوک کا بھی نام تھا۔ اس کے بعد ای ڈی نے بھی اس معاملے میں کارروائی شروع کی تھی۔ اس کیس میں ایک افسر کو معطل بھی کیا گیا تھا۔ کہا جا رہا ہے کہ انہی سب وجوہات سے آلوک پریشان تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔