ممبئی کے سابق پولیس کمشنر پرمبیر سنگھ کو سپریم کورٹ سے ملی راحت
جسٹس سنجے کشن کول اور جسٹس ایم ایم سندریش کی بنچ نے ملزم پولیس افسر کو گرفتاری سے تحفظ فراہم کرتے ہوئے ہدایت دی کہ وہ تمام معاملات سے متعلق جانچ میں تعاون کرے۔
نئی دہلی: سپریم کورٹ نے منگل کے روز ممبئی کے سابق پولیس کمشنر پرمبیر سنگھ پر مہاراشٹر میں درج فوجداری مقدمات کے معاملے میں ان کی گرفتاری پر روک مزید تین ہفتوں کے لئے بڑھا دی ہے۔ جسٹس سنجے کشن کول اور جسٹس ایم ایم سندریش کی بنچ نے ملزم پولیس افسر کو ہدایت دی کہ وہ گرفتاری سے تحفظ فراہم کرتے ہوئے تمام معاملات سے متعلق جانچ میں تعاون کرے۔
بنچ نے سماعت کے دوران سابق پولیس کمشنر اور مہاراشٹر حکومت اور دیگر کے دلائل سننے کے بعد کہا ’’یہ ایک پریشان کن صورتحال ہے، جہاں پولیس کے سربراہ رہے شخص کو اپنی ہی پولیس پر بھروسہ نہیں ہے اور نہ ہی ریاستی حکومت کو سی بی آئی پر اعتماد‘‘۔
سپریم کورٹ نے مہاراشٹر حکومت کو ہدایت دی ہے کہ وہ تین ہفتوں کے اندر ایک حلف نامہ کے ذریعے مرکزی جانچ ایجنسی (سی بی آئی) کی جانچ کرانے کے معاملے میں مرکزی جانچ ایجنسی کے حلف نامہ پر اپنا جواب داخل کرے۔ تاہم ریاستی حکومت نے سی بی آئی جانچ کی پھر سے مخالفت کی اور کہا کہ یہ منصفانہ نہیں ہوگا۔ اس سے قبل بھی مہاراشٹر حکومت نے مخالفت کی تھی۔
عدالت عظمیٰ کی ہدایت پر سی بی آئی نے اپنا حلف نامہ داخل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سابق پولیس کمشنر سے متعلق معاملات کی جانچ کے لیے تیار ہے۔ بنچ کی جانب سے کسی مرکزی جانچ ایجنسی سے جانچ کرانے کے اشارے کے بعد سی بی آئی نے پچھلی سماعت کے دوران جانچ کے لئے اتفاق ظاہر کیا تھا۔
عدالت عظمیٰ نے اس سے قبل 6 دسمبر کو اپنے عبوری حکم میں پرمبیر سنگھ کو گرفتاری سے راحت دی تھی اور مہاراشٹر حکومت سے کہا تھا کہ وہ سابق پولیس کمشنر کے خلاف درج فوجداری مقدمات کی تحقیقات جاری رکھے لیکن ان مقدمات میں چارج شیٹ داخل نہ کرے۔
پرمبیر سنگھ نے عدالت عظمیٰ سے ان کے خلاف فوجداری مقدمات کی جانچ سی بی آئی سے کروانے کی فریاد کی ہے۔ اسی معاملے کی سماعت جاری ہے۔ سابق پولیس کمشنر نے مہاراشٹر کے اس وقت کے وزیر داخلہ انل دیشمکھ پر الزام لگایا تھا کہ انل دیشمکھ نے ان سے ہر ماہ 100 کروڑ روپے غیر قانونی طور پر دینے کی مانگ کی تھی۔
پرمبیر سنگھ کے خلاف ممبئی کے پولیس کمشنر رہتے ہوئے ہوٹل کاروباری سے لاکھوں روپے کی غیر قانونی وصولی سمیت کئی مجرمانہ معاملے ممبئی کے مختلف تھانوں میں درج ہیں۔ اس کے علاوہ ممبئی پولیس کے ایک اور افسر سمیت کئی دیگر بھی ملزم ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔