مالیگاؤں بلاسٹ معاملے پر یوگی کا بیان چناوی اسٹنٹ: نسیم خان

مالیگاؤں بلاسٹ معاملے میں کل 495گواہان ہیں جن میں سے 220کی گواہی مکمل ہوچکی ہے اور ان میں سے صرف15لوگ منحرف ہوئے ہیں جبکہ بقیہ 205گواہان اپنی گواہی پر قائم ہیں۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
فائل تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

مالیگاؤں بلاسٹ معاملے میں یوپی کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے ذریعے کانگریس کوموردِ الزام قرار دیئے جانے پر ریاستی کانگریس کے کارگزار صدر نسیم خان نے سخت تنقید کی ہے اور اسے یوگی آدتیہ ناتھ اور بی جے پی کا چناوی اسٹنٹ قراردیا ہے۔یہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ سچائی یہ ہے کہ یوپی سے یوگی جی کی اور بی جے پی کی ہوا اکھڑ چکی ہے اور آنے والے چناؤ میں وہ اپنی یقینی شکست سے بچنے کے لئے اپنی روایت کے مطابق ہندومسلم سیاست کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن انہیں معلوم ہونا چاہئے کہ یوپی کے عوام اب ان کے جھانسے میں آنے والی نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دودنو ں سے مالیگاؤں بلاسٹ کے گواہان کے منحرف ہونے کی بنیاد پر بی جے پی وآر ایس ایس کے رہنماؤں کی جانب سے کانگریس کی حکومت اور کانگریس پارٹی کو ہندومخالف قرار دینے کی مہم چلا رہےہیں ۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے اپنی ایک ریلی میں اس کے لئے کانگریس کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ نسیم خان اس پر اپنے ردعمل کا اظہار کررہے تھے۔


نسیم خان نے کہا مالیگاؤں بلاسٹ معاملہ این آئی اے کے پاس ہے اور این آئی اے مرکزی حکومت کے اختیار میں ہے۔مرکزمیں مودی حکومت کے آنے کے بعد سے ہی دھماکوں کے مجرمین کو بچانے کی کوششیں شروع ہوگئی تھیں اور اس کے لئے این آئی اے کے ذریعہ سرکاری وکیل روہنی سالین پر دباؤ ڈالا گیا تھاکہ سادھوی پرگیہ سنگھ ودیگر مجرمین کی ضمانت کی وہ مخالفت نہ کریں۔ روہنی سالین نے باقاعدہ میڈیا میں اس تعلق سے بیان تک دیا تھا اور احتجاجا سرکاری وکیل کی ذمہ داری چھوڑدی تھی۔

نسیم خان نے کہا کہ مالیگاؤں بلاسٹ معاملے میں کل 495گواہان ہیں جن میں سے 220کی گواہی مکمل ہوچکی ہے اور ان میں سے صرف15/لوگ منحرف ہوئے ہیں جبکہ بقیہ 205گواہان اپنی گواہی پر قائم ہیں۔ یہ جو 15/گواہ منحرف ہوئے ہیں ان کا تعلق پونے شہر سے ہے جہاں کا کرنل پروہت رہنے والا ہے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آخر ان گواہان کو منحرف ہونے کے لئے کون مجبور کررہا ہے اور صرف پونے کے ہی گواہان کیوں منحرف ہورہے ہیں؟


نسیم خا ن نے کہا کہ سوال یہ بھی پیدا ہوتا ہے کہ مالیگاؤں بلاسٹ کے گواہان کے منحرف ہونے کا معاملہ یوپی چناؤ کے موقع پر ہی کیوں آتا ہے؟ 2017میں بھی اسی طرح یوگی آدتیہ ناتھ وہندویواواہنی کے لیڈروں نے اس معاملے پر خوب شور مچایا تھا۔ مہاراشٹر کانگریس کے کارگزار صدر نسیم خان نے بی جے پی وآر ایس ایس کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں جب بھی اورجہاں بھی چناؤ ہوتے ہیں یہ لوگ ہندو مسلم، ہندوستان پاکستان، شمشان وقبرستان جیسے موضوعات کو اٹھاکر اصل مدّوں اور بی جے پی حکومتوں کی ناکامی وجھوٹ سے عوام کی توجہ ہٹانے اور ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی مرکزی حکومت کی ایماء پر ہی گواہان منحرف ہورہے ہیں اور یہ بات پورا ملک جانتا ہے کہ مرکزی حکومت سینٹرایجنسیوں کا کس طرح غلط استعمال کرتی ہے۔ اس لئے بی جے پی کو اس معاملے میں بولنے کا کوئی حق ہی نہیں ہے۔

نسیم خان نے کہا کہ یوپی اور ملک کا عوام سنگھ اور بی جے پی کے منصوبوں اور ان کی چالوں کو بہت اچھی طرح سمجھ چکا ہے۔ مودی اور یوگی کے کاموں کو دیکھ چکا ہے۔ اس لئے اب وہ ان کے بہکاوے میں نہیں آنے والی ہے۔ آنے والے تمام انتخابات میں ملک کا ہندو اور مسلمان ایک ساتھ مل کر بی جے پی کی فرقہ پرستی اورجھوٹ کی بنیاد پر چلنے والی حکومتوں کو اکھاڑ پھینکیں گے۔ واضح ہوکہ 29ستمبر2008کو مالیگاؤں میں ہوئے بم دھماکوں میں 6لوگوں کی موت ہوئی تھی اور سو سے زائد لوگ زخمی ہوئے تھے۔ اس معاملے میں سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر، لیفٹیننٹ کرنل پرسادپروہت، سدھاکر دیویدی، میجر رمیش اپادھیائے، اجئے راہیرکر او رسمیر کلکرنی وغیرہ ملزم بنائے گئے تھے جو آج ضمانت پر جیل سے باہر ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔