کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ اور بی جے پی لیڈر یدی یورپا نے سرگرم سیاست سے سبکدوشی کا کیا اعلان

یدی یورپا نے کہا کہ ’’میں نے سرگرم سیاست سے سبکدوشی کا فیصلہ کیا ہے، لیکن بی جے پی کو جتانے کے لیے آخری سانس تک کام کروں گا، میرا واحد مقصد بی جے پی کو اقتدار میں واپس لانا ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>بی ایس یدی یورپا</p></div>

بی ایس یدی یورپا

user

قومی آواز بیورو

کرناٹک میں بی جے پی کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا نے سرگرم سیاست سے سبکدوشی کا اعلان کر دیا ہے۔ انھوں نے جمعہ کے روز اسمبلی میں اپنی آخری تقریر کی۔ اس موقع پر یدی یورپا نے کہا کہ ’’میں نے سرگرم سیاست سے سبکدوشی کا فیصلہ کیا ہے، لیکن بی جے پی کو جتانے کے لیے آخری سانس تک کام کروں گا۔ میرا واحد مقصد بی جے پی کو اقتدار میں واپس لانا ہے اور مجھے یقین ہے کہ ایسا ہوگا۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ کرناٹک اسمبلی کے بجٹ اجلاس کا آج آخری دن تھا۔ اس سے قبل بدھ کے روز یدی یورپا نے کہا تھا کہ ’’میں پہلے ہی اعلان کر چکا ہوں کہ میں اس بار انتخاب نہیں لڑوں گا، لیکن اپنی آخری سانس تک میں سرگرم طور پر پارٹی کی کامیابی کے لیے کام کرتا رہوں گا۔‘‘


آج کرناٹک اسمبلی میں اپنی آخری تقریر کے دوران یدی یورپا نے کہا کہ کئی مواقع پر اپوزیشن لیڈران نے یہ بیان دیا تھا کہ بی جے پی نے مجھے درکنار کر دیا ہے، لیکن میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ مجھے چار بار وزیر اعلیٰ کی شکل میں حلف دلایا گیا ہے۔ اتنے مواقع کسی اور لیڈر کو نہیں دیے گئے ہیں۔ میں وزیر اعظم نریندر مودی کا ہمیشہ شکرگزار رہوں گا۔‘‘

یدی یورپا کی الوداعی تقریر پر وزیر اعظم نریندر مودی کا رد عمل بھی سامنے آیا ہے۔ انھوں نے یدی یورپا کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ پارٹی کی اخلاقیات کو ظاہر کرتا ہے۔ بی جے پی کے ایک کارکن کی شکل میں مجھے یہ تقریر بہت ترغیب دینے والی لگی۔ یہ یقینی طور سے پارٹی کے دیگر کارکنان کو ترغیب دے گی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔