سابق سکریٹری برائے مالیات راجیو کمار بنائے گئے الیکشن کمشنر
وزارت قانون کے مطابق "صدر جمہوریہ انتخابی کمشنر کے عہدہ پر راجیو کمار کی تقرری سے خوش ہیں۔ انتخابی کمشنر کی شکل میں ان کی تقرری اسی وقت سے اثرانداز ہوگی جب اشوک لواسا کا استعفیٰ اثرانداز ہوگا۔"
جمعہ کی شب وزارت برائے قانون و انصاف نے ایک نوٹیفکیشن جاری کر کے سابق سکریٹری برائے مالیات راجیو کمار کو الیکشن کمشنر مقرر کیے جانے کی اطلاع دی۔ راجیو کمار 10 دنوں بعد اشوک لواسا کی جگہ الیکشن کمشنر کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ وزارت مالیات نے اس سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ راجیو کمار موجودہ الیکشن کمشنر اشوک لواسا کی جگہ لیں گے جو 31 اگست کو اپنی ذمہ داریوں سے آزاد ہوں گے۔ قابل ذکر ہے کہ اشوک لواسا ایشیائی ڈیولپمنٹ بینک (اے ڈی بی) میں نائب سربراہ کی شکل میں نئی ذمہ داری سنبھالنے والے ہیں۔
نئے الیکشن کمشنر راجیو کمار 1984 بیچ کے سبکدوش آئی اے ایس افسر ہیں۔ وزارت قانون نے اپنے نوٹیفکیشن میں ان سے متعلق لکھا ہے کہ "صدر جمہوریہ انتخابی کمشنر کے عہدہ پر راجیو کمار کی تقرری سے خوش ہیں۔ انتخابی کمشنر کی شکل میں ان کی تقرری اسی وقت سے اثرانداز ہوگی جب اشوک لواسا کا استعفیٰ اثرانداز ہوگا۔"
واضح رہے کہ اس وقت سنیل اروڑا ہندوستان کے چیف الیکشن کمشنر ہیں۔ اشوک لواسا کے علاوہ اس وقت دوسرے الیکشن کمشنر سشیل چندرا ہیں۔ اشوک لواسا کے ذریعہ 31 اگست کو الیکشن کمشنر عہدہ کی ذمہ داری چھوڑے جانے کے بعد راجیو کمار اس ٹیم میں شامل ہوں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 21 Aug 2020, 11:39 PM