دہلی کے سابق وزیر راجندر پال گوتم کانگریس میں شامل، ’نفرت کے بازار میں محبت کی دکان کا نعرہ دل کو چھو گیا‘

عام آدمی پارٹی (عآپ) کے رکن اسمبلی اور سابق وزیر راجندر پال گوتم نے کانگریس میں شمولیت اختیار کر لی۔ اس اقدام سے دہلی کی سیاست میں نئی ہلچل پیدا ہوئی ہے اور کانگریس کو ایک اہم لیڈر مل گیا ہے

<div class="paragraphs"><p>تصویر قومی آواز / وپن</p></div>

تصویر قومی آواز / وپن

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (عآپ) کے رکن اسمبلی اور سابق وزیر راجندر پال گوتم نے جمعہ کو انڈین نیشنل کانگریس (آئی این سی) میں شمولیت اختیار کر لی۔ اس اقدام سے دہلی کی سیاست میں نئی ہلچل پیدا ہوئی ہے اور کانگریس کو ایک اہم لیڈر مل گیا ہے۔

راجندر پال گوتم نے کانگریس میں شامل ہوتے ہوئے کہا کہ ان کا یہ فیصلہ سماجی انصاف کی لڑائی کو آگے بڑھانے کے لیے ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں راہل گاندھی کے نعرے ’نفرت کے بازار میں محبت کی دکان‘ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ نعرہ ان کے دل کو چھو گیا اور اسی تحریک سے انہوں نے کانگریس میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا۔

اس موقع پر کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال، دہلی کانگریس کے صدر دیوندر یادو اور کانگریس کے رہنما پون کھیڑا بھی موجود تھے۔ وینوگوپال نے امبیڈکر نواز نظریات کے حامی راجندر پال گوتم کی کانگریس میں شمولیت کو ایک فخر کا لمحہ قرار دیا۔

راجندر پال گوتم نے 2014 میں عام آدمی پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی اور سیاست میں اپنی پہچان بنائی۔ وہ دہلی یونیورسٹی سے لاء گریجویٹ ہیں اور لیبر قانون اور انسانی وسائل کے انتظام میں پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ حاصل کر چکے ہیں۔ انہوں نے 2015 اور 2020 کے اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی، جس میں انہوں نے بی جے پی اور ایل جے پی کے امیدواروں کو شکست دی تھی۔


راجندر پال کے کانگریس میں شامل ہونے کے بعد عآپ ایم ایل اے راجیش گپتا نے کہا کہ وہ راجندر پال گوتم کو پارٹی چھوڑتے ہوئے دیکھ کر دکھی ہیں، لیکن انہیں حکومت میں ایس سی کمیونٹی کے لیے کام کرنے کے بہت سے مواقع ملے۔ دہلی انتخابات میں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔