’کے وائی سی‘ اَپ ڈیٹ کے نام پر سابق کرکٹر ونود کامبلی ٹھگی کے شکار، شکایت درج

ونود کامبلی نے کہا کہ ’’میں نے فون پر پیسے ٹرانسفر ہونے کا میسج ملنے کے ساتھ ہی کسٹمر کیئر کے نمبر پر کال کیا تھا اور اس اکاؤنٹ کو بلاک کروایا تھا۔‘‘

ونود کامبلی
ونود کامبلی
user

تنویر

ہندوستان کے سابق کرکٹر ونود کامبلی کو اس قت زوردار جھٹکا لگا جب ان کے اکاؤنٹ سے اچانک 1 لاکھ 13 ہزار 998 روپے نکل گئے۔ اس تعلق سے کامبلی نے باندرا واقع پولیس تھانہ میں شکایت درج کرائی ہے۔ شکایت میں انھوں نے بتایا ہے کہ وہ سائبر ٹھگی کے شکار ہو گئے ہیں۔ ٹھگوں نے کامبلی کو ’کے وائی سی‘ اَپ ڈیٹ کروانے کے نام پر فون کیا تھا، پھر ان لوگوں نے کامبلی کے اکاؤنٹ سے پیسے نکال لیے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق معاملہ گزشتہ 3 دسمبر کا ہے جب کامبلی کو فون کرنے والے شخص نے خود کو ایک پرائیویٹ بینک کا ملازم بتایا تھا۔ فون پر بینک ملازم بنے ٹھگ نے کے وائی سی اَپ ڈیٹ کرنے کے لیے ان سے کچھ بینک تفصیلات دینے کے لیے کہا، اور جیسے ہی اسے یہ جانکاری ملی، اس نے اکاؤنٹ سے ایک لاکھ سے زیادہ روپے اڑا لیے۔ حالانکہ کامبلی کے لیے راحت کی بات یہ رہی کہ شکایت ملتے ہی سائبر پولیس نے فوراً بینک سے بات کر ان کی مدد لیتے ہوئے پیسوں کے ٹرانجیکشن کو ریورس یعنی واپس کر دیا۔ پیسے واپس ملنے کے بعد کامبلی نے سکون حاصل ہوا اور افسران کا انھوں نے شکریہ بھی ادا کیا۔


اب پولیس اس جانچ میں مصروف ہے کہ آخر فون کس نے کیا اور ٹھگی کا یہ کام کون لوگ کر رہے ہیں۔ جس اکاؤنٹ میں پیسے ٹرانسفر ہوئے تھے، اس کے مالک کا بھی پتہ لگانے کی کوشش پولیس کر رہی ہے۔ اس تعلق سے کامبلی کا بھی بیان سامنے آیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں نے فون پر پیسے ٹرانسفر ہونے کا میسج ملنے کے ساتھ ہی کسٹمر کیئر کے نمبر پر کال کیا تھا اور اس اکاؤنٹ کو بلاک کروایا تھا۔ اس کے بعد میں سیدھا سائبر پولیس کے پاس اپنی شکایت درج کروانے پہنچا۔‘‘ کامبلی نے کہا کہ وہ سائبر پولیس کے شکرگزار ہیں کہ انھوں نے فوری مدد کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔