سابق وزیر اعلیٰ یدی یورپا کے خلاف پاکسو ایکٹ کے تحت مقدمہ درج، 17 سالہ لڑکی کے جنسی استحصال کا الزام

پولیس کے ذریعے دی گئی اطلاع کے مطابق متاثرہ کی ماں نے الزام لگایا ہے کہ رواں سال 2 فروری کو یدی یورپا نے ایک میٹنگ کے دوران اس کی بیٹی کا جنسی استحصال کیا تھا۔

یدی یورپا مستعفی / ٹوئٹر
یدی یورپا مستعفی / ٹوئٹر
user

قومی آواز بیورو

خود کو ملک کی سب سے ’سنسکاری‘ پارٹی کہنے والی بی جے پی کے لیڈر اور کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا کے خلاف پولیس نے پاکسو ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ یہ مقدمہ ایک 17 سالہ بچی کی والدہ کی شکایت کی بنیاد پر درج ہوا ہے۔ متاثرہ کی ماں نے الزام لگایا ہے کہ رواں سال 2 فروری کو یدی یورپا نے ایک میٹنگ کے دوران اس کی بیٹی کا جنسی استحصال کیا تھا۔ یہ اطلاع پولیس نے دی ہے۔

پولیس کے ذریعے دی گئی اطلاع کے مطابق بی جے پی لیڈر کے خلاف پروٹیکشن آف چلڈرن فرام سیکسول اوفینسیس (POCSO) ایکٹ کی دفعہ 8 اور تعزیرات ہند کی دفعہ 354 اے (جنسی ہراسانی) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ یہ مقدمہ سداشیو نگر پولیس اسٹیشن میں درج ہوا ہے۔ اس معاملے پر ابھی تک یدی یورپا یا ان کے خاندان کے کسی فرد کا کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔


اس معاملے پر کرناٹک کے وزیر داخلہ جی پرمیشور نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل رات تقریباً 10 بجے ایک خاتون کی طرف سے شکایت درج کرائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہمیں اس معاملے کی حقیقت معلوم نہیں ہو جاتی ہم کچھ نہیں بتا سکتے۔ یہ ایک حساس معاملہ ہے کیونکہ اس میں ایک سابق وزیر اعلیٰ کا نام شامل ہے۔ اگر متاثرہ کو تحفظ کی ضرورت ہوگی تو اسے تحفظ فراہم کی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔