چھتیس گڑھ کے سابق وزیراعلی اجیت جوگی قبائلی نہیں: تحقیقاتی کمیٹی
چھتیس گڑھ ہائی کورٹ کے حکم پر تشکیل اعلی سطحی تحقیقاتی کمیٹی نے سابق وزیراعلی اجیت جوگی کو قبائلی نہیں مانا ہے اور ان کی ذات کے سلسلے میں پہلے سے جاری سرٹیفکیٹ کو مسترد کردیا ہے۔
رائے پور: چھتیس گڑھ ہائی کورٹ کے حکم پر تشکیل اعلی سطحی تحقیقاتی کمیٹی نے سابق وزیراعلی اجیت جوگی کو قبائلی نہیں مانا ہے اور ان کی ذات کے سلسلے میں پہلے سے جاری سرٹیفکیٹ کو مسترد کردیا ہے۔
اعلی عہدیدار کے ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ ہائی کورٹ کی ہدایت پر ریاستی حکومت کے ذریعہ 2018 میں قبائلی بہبود کے محکمہ کے سکریٹری ڈی ڈی سنگھ کی صدارت میں تشکیل اعلی سطحی تحقیقاتی کمیٹی نے حکومت کو سونپی اپنی رپورٹ میں جوگی کو قبائلی نہیں مانا ہے۔ کمیٹی نے انہیں ذات کے سلسلے میں پہلے سے جاری سرٹیفکیٹ کو مسترد کرکے بلاسپور کے کلیکٹر کو درج فہرست ذات و قبائل اور پسماندہ طبقہ ایکٹ 2013 کے التزامات کے تحت کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ کمیٹی نے بلاسپور کے پولس سپرنٹنڈنٹ کو جوگی کو ذات کے سلسلے میں پہلے سے جاری سرٹیفکیٹ کو ضبط کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔ جوگی کی ذات کے سلسلے میں ان کے خلاف مرواہی سیٹ سے بی جے پی کے ٹکٹ پر ماضی میں الیکشن لڑ چکے سنت کمار نیتام نے قومی درج فہرست ذات کمیشن میں شکایت درج کی تھی، جس پر کمیشن نے جوگی کو نوٹس جاری کیا تھا۔
جوگی نے اس کے خلاف بلاسپور ہائی کورٹ میں عرضی داخل کر کے کمیشن کے دائرہ اختیار کو چیلنج کیا تھا۔ ہائی کورٹ نے جوگی کی عرضی منظور کر کے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ کمیشن کو ذات کا تعین، جانچ اور فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں ہے۔ نیتام اس کے خلاف سپریم کورٹ گئے۔ جس پر سپریم کورٹ نے ریاستی حکومت سے اعلی سطحی کمیٹی بناکر ذات معاملہ کو حل کرنے کا حکم دیا۔
ریاستی حکومت نے 2017 میں انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس کے افسر رینا بابا صاحب کنگالے کی صدارت میں تحقیقی کمیٹی تشکیل دی۔ اس کمیٹی نے بھی جوگی کے کنور قبائلی نہ ہونے کی رپورٹ دی تھی۔ جوگی اس کے خلاف ہائی کورٹ گئے، جہاں اس میں عملی خامیوں کی وجہ سے ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت کو اس کمیٹی کی جگہ دوسری کمیٹی بنانے کی ہدایت دی تھی۔ اسی بنیاد پر ذات کے بہبود کے محکمے کے سکریٹری ڈی ڈی سنگھ کی صدارت میں کمیٹی تشکیل کی گئی تھی۔
جوگی کی ذات کے سلسلے میں آئے فیصلے سے ریاست کی سیاست پر بھی اثر پڑنے کا امکان ہے۔ جوگی نے تقریباً تین سال پہلے کانگریس سے الگ ہوکر جنتا کانگریس چھتیس گڑھ پارٹی بنائی تھی۔ پارٹی نے گزشتہ اسمبلی انتخابات میں پانچ اسمبلی سیٹیں جیتی تھیں۔ اجیت جوگی فی الحال درج فہرست ذات و قبائل کے لئے ریزرو سیٹ مرواہی سے رکن اسمبلی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔