ہیمنت سورین کو چچا کی آخری رسومات میں شرکت کی نہیں ملی اجازت، عدالت نے عبوری ضمانت دینے سے کیا انکار
ہیمنت سورین نے اپنے چچا کی آخری رسومات میں شامل ہونے کے لیے عدالت سے 13 دنوں کی عبوری ضمانت مانگی تھی، لیکن پی ایم ایل اے کورٹ نے انھیں ضمانت دینے سے منع کر دیا۔
جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین اپنے بڑے چچا راجہ رام سورین کی آخری رسومات اور شرادھ میں شامل نہیں ہو پائیں گے۔ پی ایم ایل اے کورٹ نے عبوری ضمانت سے متعلق ان کی عرضی کو نامنظور کر دیا ہے۔ ہیمنت سورین نے اپنے چچا کی آخری رسومات میں شامل ہونے کے لیے عدالت سے 13 دنوں کی عبوری ضمانت مانگی تھی، جس پر آج سماعت کرتے ہوئے عدالت نے انھیں ضمانت دینے سے منع کر دیا۔
قابل ذکر ہے کہ ہیمنت سورین کے چچا اور جے ایم ایم چیف شیبو سورین کے بڑے بھائی راجہ رام سورین کا ہفتہ کی صبح رانچی واقع ان کی رہائش پر انتقال ہو گیا تھا۔ راجہ رام سورین طویل مدت سے بیمار تھے اور ان کی آخری رسومات غالباً رام گڑھ ضلع واقع ان کے آبائی گاؤں نیمرا میں ہوگی۔ اس وقت ہیمنت سورین اراضی گھوٹالہ معاملے میں جیل میں بند ہیں اور ان کی خواہش تھی کہ وہ چچا کی آخری رسومات میں شامل ہوں۔
خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس کی ایک رپورٹ کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے آج ہی عدالت میں عبوری ضمانت کے لیے عرضی داخل کی تھی جس میں کہا تھا کہ ان کے چچا راجہ رام سورین کا 27 اپریل کی صبح انتقال ہو گیا ہے۔ اس کو پیش نظر رکھتے ہوئے انھیں آخری رسومات اور شرادھ میں حصہ لینے کی اجازت دی جائے۔ اس کے لیے انھوں نے 13 دنوں کی عبوری ضمانت کی اپیل کی تھی۔ حالانکہ عدالت نے اس عرضی کو منظور کرنے سے انکار کر دیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔