سابق کپتان محمد اظہرالدین کا بیان، صرف وراٹ نہیں پوری ٹیم اور کوچ ہار کے ذمہ دار!
ٹیم انڈیا کی لگاتار دو مقابلوں میں ہار کے بعد ہر کوئی وراٹ کوہلی کو نشانہ بنا رہا ہے لیکن ہندوستان کے سابق کپتان محمد اظہرالدین نے وراٹ کوہلی کا دفاع کیا ہے
نئی دہلی: ٹی-20 عالمی کپ میں ہندوستان کی شروعات انتہائی خراب ہوئی ہے۔ ٹیم انڈیا پہلے پاکستان سے ہاری اور اس کے بعد نیوزی لینڈ کے ہاتھوں اسے شرم ناک ہار کا سامنا کرنا پڑا۔ ایسے حالات میں ٹیم انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی ہر کسی کے نشانہ پر ہیں۔ لیکن ہندوستان کے سابق کپتان محمد اظہرالدین نے وراٹ کوہلی کا دفاع کیا ہے۔
محمد اظہرالدین نے میچ کے بعد ایک ٹوئٹ میں کہا کہ صرف وراٹ کوہلی کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ پوری ٹیم اور تمام کوچز ناکام ہوئے ہیں اور یہ صرف ایک شخص کی ہار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہندوستان کے لئے ایک (خوفناک ہیلووین) برے خواب کی طرح ہے۔
خیال رہے کہ نیوزی لینڈ نے ہندوستان کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔ ٹیم انڈیا نے اس میچ میں صرف 110 رن بنائے تھے جس کے بعد نیوزی لینڈ نے آسانی سے ہدف کو حاصل کر لیا۔ میچ کے بعد سے شائقین، سابق کرکٹرز اور ماہرین ٹیم انڈیا پر بری طرح برہم نظر آ رہے ہیں۔
اس بار ٹی 20 ورلڈ کپ میں ہندوستان کے کوچ روی شاستری اور ان کی ٹیم ہے، نیز سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی بھی ٹیم انڈیا کے ساتھ بطور مینٹور جڑے ہوئے ہیں۔
بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی ہو یا بولرز کا انتخاب، شکست کے بعد کپتان وراٹ کوہلی سب کے نشانے پر ہیں۔ وراٹ کوہلی نے نیوزی لینڈ کے خلاف بیٹنگ میں کوئی خاص کرکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا اور 17 گیندوں میں صرف 9 رنز بنائے۔
سابق کرکٹر گوتم گمبھیر نے وراٹ کوہلی کے حوالہ سے اہم بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان پر کوئی دباؤ نہیں لیکن وہ اہم میچوں میں اسکور نہیں کر پاتے۔ خاص طور پر ان میچوں میں جہاں جیت ضروری ہوتی ہے، شاید ان کے پاس اتنی ذہنی قوت نہیں جتنی کہ بطور قائد درکار ہوتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔