بی ایس پی کے سابق ریاستی صدر اور سابق رکن پارلیمنٹ قادر رانا سماجوادی پارٹی میں شامل
آر ایس کشواہا اتوار کے روز سماجوادی پارٹی میں شامل ہو گئے، ساتھ ہی سابق رکن پارلیمنٹ قادر رانا اور اسٹیٹ ایمپلائیز جوائنٹ کونسل کے ریاستی صدر ہری کشور تیواری نے بھی سماجوادی پارٹی کا دامن تھام لیا۔
لکھنؤ: اتر پردیش میں آئندہ سال ہونے جا رہے انتخابات سے قبل لیڈران کا پارٹی کو تبدیل کرنے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ اسی ضمن میں بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے سابق ریاستی صدر آر ایس کشواہا نے بھی پارٹی کو خیرباد کہہ دیا اور اتوار کے روز سماجوادی پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔ اسی کے ساتھ سابق رکن پارلیمنٹ قادر رانا اور اسٹیٹ ایمپلائیز جوائنٹ کونسل کے ریاستی صدر ہری کشور تیواری نے بھی سماجوادی پارٹی کا دامن تھام لیا۔
یہ بھی پڑھیں : یو پی کی اِندرَا، پرینکا گاندھی... ظفر آغا
سماجوادی پارٹی میں شامل ہونے کے بعد آر ایس کشواہا نے بی ایس پی پر زبردست حملہ بولا اور برسراقتدار جماعت بی جے پی کو بھی نشانہ بنایا۔ کشواہا نے کہا کہ آج اپنے تمام ساتھیوں کے ساتھ وہ سماجوادی پارٹی کا دامن تھام رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ سماجوادی پارٹی کے نظریات سے متاثر ہو کر اس میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔ نیز آج عوام صرف ایک موقع کی تلاش میں ہیں کہ جلد از جلد سماجوادی پارٹی کی حکومت قائم کرا دیں۔
اس موقع پر کشواہا نے کہا ’’بی ایس پی کے ساتھ میں نے 30 سال تک کام کیا لیکن جو بابا صاحب کا نعرہ تھا، پارٹی آج پنے اس بنیادی خیال سے روگردانی کر رہی ہے۔ اس لئے آج یکے بعد دیگرے تمام پرانے ساتھی مایوس ہو کر سماجوادی پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے برسراقتدار جماعت بی جے پی پر بھی نشانہ لگایا اور لکھیم پور کھیری کے واقعہ کے حوالہ سے یوگی حکومت کا محاصرہ کیا۔
آر ایس کشواہا نے کہا کہ یہ جو جملہ بازوں کی حکومت چل رہی ہے، انہوں نے بڑے بڑے وعدے کئے تھے لیکن گزشتہ پانچ سالوں میں یوپی حکومت ہو یا پھر مرکزی حکومت کہیں کوئی وعدہ پورا نہیں ہوا۔ انہوں نے لکھیم پور کھیری کے واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ وہاں سے رکن اسمبلی ہیں جہاں کسانوں پر گاڑی چڑھا دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ آج عوام پوری طرح بی جے پی سے عاجز آ چکے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔