رمضان میں جلد کی رونق بڑھانے والی غذائیں
سحر و افطار میں صحیح غذا کا انتخاب کر کے آپ اس بابرکت مہینے میں بھی اپنی جلد کو تروتازہ رکھ سکتے ہیں
جلد کو تروتازہ رکھنے کے لیے جلد کی حفاظت بعض اوقات رمضان میں مسئلے کا باعث بنتی ہے۔ اور آپ کو ڈر ہوتا ہے کہ گرمیوں کی تپش اور روزہ رکھنے کی وجہ سے جلد کی رنگت ماند پڑ سکتی ہے کیونکہ جسم سے بہت اہم وٹامنز اور منرلز ضائع ہو جاتے ہیں۔ لیکن فکر کی بات نہیں کیونکہ سحر وافطار میں صحیح غذا کا انتخاب کرکے آپ اس بابرکت مہینے میں بھی اپنی جلد کو تروتازہ رکھ سکتے ہیں۔
اپنی غذا میں ہر طرح کی چیزیں شامل کریں۔ اگر آپ کھانے میں صرف چند مخصوص چیزیں کھاتے ہیں تو آپ کی جلد خشک اور بدرنگ ہوسکتی ہے۔ کیونکہ کچھ غذائیں ناخن اور بالوں کی طرح جلد کی افزائش اور خوبصورتی کے لیے بھی ضرورت ہوتی ہیں۔ جتنا آپ اپنی غذا کا اس مہینے میں خیال رکھیں گے۔ آپ کی جلد اتنی ہی صحت مند ہو جائے گی۔
وٹامن اے
جلد کی صحت کے لیے اہم وٹامن میں سے ایک ہے۔ یہ جلد کو خشکی سے بچا کر نمی کو برقرار رکھتا ہے۔ گاجر وٹامن اے حاصل کرنے کا اہم ذریعہ ہے۔ اس کے علاوہ خوبانی، پالک اور ہرے پتوں والی سبزیوں میں پایا جاتا ہے۔
۔ اس لیے رمضان میں گاجر کا جوس ہفتے میں کم از کم ایک دفعہ ضرور پیئیں۔ اس کے علاوہ گاجر کو افطار کے وقت سلاد میں شامل کرکے کھائیں۔
وٹامن بی
وٹامن بی کی کمی سے جلد کی نمی کم ہوجاتی ہے۔ اور وقت سے پہلے چہرے پر جھریاں پڑنے لگتی ہیں۔ وٹامن بی گوشت، پھلیوں اور اناج میں پایا جاتا ہے۔
۔ اپنے کھانے میں صاف گوشت ، گرلڈ چکن اور مچھلی شامل کریں۔
۔ سفید آٹے کی روٹی کے بجائے بھوسی والے آٹے کی روٹی کھائیں۔
۔ افطار میں دال اور پھلیوں کو بھی شامل کرنا نہ بھولیں۔
وٹامن ای
ایک اور اہم وٹامن ہے جو جلد کی جھریوں کو کم کرکے نئے سیل بنانے میں مدد دیتا ہے۔ وٹامن ای خشک میووں اور ویجیٹیبل آئل میں پایا جاتا ہے۔ جو آپ کھانے پکانے میں استعمال کر سکتے ہیں۔
وٹامن سی
جلد کی چمک اور خوبصورتی کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ کینو، اسٹرابیری، خربوزہ، تربوز اور سردے میں پایا جاتا ہے۔
اینٹی اوکسی ڈنٹ
وٹامن اے، سی اور ای کے علاوہ سیلینئم اور زنک بھی جلد کے سیل کی حفاظت کرنے اور جلد کی تازگی برقرار رکھنے میں اہم کردار کرتے ہیں۔ سیلینئم اور زنک سی فوڈ میں پائے جاتے ہیں اس لیے کبھی کبھار اپنی افطار میں شرمپز کی مزیدار ڈش بھی شامل کرلیں۔
اومیگا تھری فیٹی ایسڈ
یہ فیٹس جلد کی حفاظت کرتے ہوئے جلد کو چمکدار بناتے ہیں۔ یہ اہم فیٹی ایسڈ ہوتے ہیں کیونکہ جسم انہیں قدرتی طور پر یکجا نہیں کرسکتا اس لیے ضروری ہے کہ انہیں غذاؤں سے حاصل کیا جائے۔ اس میں سب سے اہم مچھلی ہے۔
۔ ہفتے میں دو دفعہ مچھلی کو اپنی غذا میں شامل کرلیں لیکن مچھلی کو تلنے کے بجائے گرل کریں۔
پانی
جسم اور جلد کو پانی کی کمی سے بچانے کے لیے ضروری ہے کہ رمضان میں وافر مقدار میں پانی پیا جائے۔ پانی جلد کے کھنچاؤ کو قائم رکھتے ہوئے جلد کو جھریوں سے محفوظ رکھتا ہے۔ افطار اور سحر کے درمیان کم از کم آٹھ گلاس پانی ضرور پئیں۔
یاد رکھیے
اپنے افطار مینو میں پھل اور سبزیاں شامل کرنا نہ بھولیں کیونکہ یہ وٹامنز اور منرلز سے بھرپور ہیں۔ اور جلد کو تروتازہ اور صحت مند رکھنے کے لیے بہت ضروری ہیں۔
رمضان کا مہینہ آپ کو مکمل اور غذائیت سے بھرپور کھانے بنانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے جسم اور جلد کو صحت مند رکھنے کے لیے اچھی غذائیں کھائیں۔
(بشکریہ ایچ ٹی وی)
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔