فوڈ پروسیسنگ انڈسٹریز کسانوں کی فصل خریدیں: ہرسمرت کور

ہرسمرت کور نے کہا کہ کسانوں کے سامنے کٹی ہوئی فصل برباد ہونے کا خطرہ ہے. لہذا صنعتوں کو ان کی فصل، پھل، سبزیاں وغیرہ خریدنے کے لئے آگے آنا چاہیے تاکہ بربادی کم کی جا سکے اور کسانوں کو فائدہ ہو۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: فوڈ پروسیسنگ انڈسٹریز کی وزیر ہرسمرت کور بادل نے اس سیکٹر میں کام کرنے والی صنعتوں سے کسانوں کی فصل خریدنے کی اپیل کی ہے تاکہ کورونا وائرس ’کووڈ -19‘ کے پھیلاؤ کے درمیان ملک کے ان کسانوں کو راحت مل سکے۔

صنعتی تنظیم فکی کے ارکان کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے منعقد ایک میٹنگ میں ہرسمرت کور بادل نے یہ بات کہی۔ گزشتہ روز منگل کو منعقد اجلاس میں انہوں نے فوڈ پروسیسنگ کی موجودہ صورت حال اور لاک ڈاؤن کھلنے کے بعد کی ضروریات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے سامنے کٹی ہوئی فصل برباد ہونے کا خطرہ ہے. لہذا صنعتوں کو ان کی فصل، پھل، سبزیاں وغیرہ خریدنے کے لئے آگے آنا چاہیے تاکہ بربادی کم کی جا سکے اور کسانوں کو فائدہ ہو۔


صنعتوں نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کو روکنے کے مناسب اقدامات کرنے والے پلانٹس میں 60 سے 75 فیصد کے درمیان کارکنان کو کام پر بلانے کی اجازت دی جائے، جبکہ ہرسمرت کور بادل نے بھی ان کے اس مطالبہ کی حمایت کی۔

قابل ذکر ہے کہ وزارت داخلہ کی طرف سے جاری ہدایات میں چھوٹ والے علاقوں اور صنعتوں میں زیادہ سے زیادہ 50 فیصد مزدوروں کو بلانے کی فی الحال اجازت دی گئی ہے۔ صنعت کے نمائندوں نے مختلف سیکٹرز کے لئے معیاری آپریٹنگ عمل طے کرنے، ہر ریاست میں فوڈ پروسیسنگ صنعت کے لئے نوڈل افسر کی تقرری اور کارکنوں کو پاس جاری کرنے کے لئے معیاری پروٹوکول بنانے کی مانگ کی، تاکہ ان صنعتوں میں کام ہموار طور پر جاری رہے اور سپلائی چین کو روکنا نہ پڑے۔


میٹنگ میں فوڈ پروسیسنگ صنعت کی سکرٹری پشپا سبرامنیم، فکی کی فوڈ پروسیسنگ کمیٹی کے چیئرمین اور آئی ٹی سی فوڈ محکمہ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیمنت ملک، امول کے منیجنگ ڈائرکٹر آرایس سوڈھی، کارگل انڈیا کے صدر سمون جارج، کوکا کولا انڈیا کے صدر ٹی كرشناكمار، کیلاگ انڈیا کے منیجنگ ڈائرکٹر موہت آنند، مانڈلیج انٹرنیشنل کے ہندوستان میں صدر دیپک ایر، ایم ٹی آرفوڈز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سنجے شرما اور جايڈس ویلنیس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ترون اروڑہ سمیت کئی بڑی کمپنیوں کے سینئر افسران شامل تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔