مدھیہ پردیش میں سیلاب کی تباہ کاری، لاکھوں ہیکٹیئر فصل برباد
مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے ضلع ہردا کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور کہا کہ سیلاب متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی
بھوپال: مدھیہ پردیش میں بارشوں اور سیلاب سے لوگوں کو کافی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ لاکھوں ہیکٹیئر زمین پر کھڑی خریف کی فصلیں شدید بارشوں اور سیلاب کی نذر ہو چکی ہیں۔ اس کے علاوہ فصلیں کیڑوں کے مرض سے بھی خراب ہو رہی ہیں۔ ریاست کے کئی علاقے تاحال زیر آب ہیں اور جہاں پانی اتر رہا ہے وہاں بھی نقصان کا دائرہ بڑھتا جا رہا ہے۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق 9 لاکھ ہیکٹر رقبے کی فصل کو نقصان پہنچا ہے۔ محکمہ محصول اور زراعت کا تخمینہ ہے کہ یہ رقبہ 15 لاکھ ہیکٹر تک بڑھ سکتا ہے، کیوں کہ کئی مقامات پر اب بھی کھیت زیر آب ہیں۔
وزیر اعلیٰ شیوراج چوہان نے گزشتہ روز ضلع ہردا اور دیواس کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا۔ ہردا کے سابق ایم ایل اے ڈاکٹر رام کشور دوگنے نے دورے پر پہنچے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان سے مطالبہ کیا کہ سیلاب متاثرین کو فوری طور پر معاوضے کی رقم فراہم کی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ کسانوں کی سویابین کی فصل برباد ہو چکی ہے لہذا ان کسانوں کو معاضہ کی رقم کے ساتھ بیمہ کی رقم بھی فراہم کی جائے، جوکہ ان کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیمہ کمپنی وقت پر اپنی بیمہ کی قسط وصلول کر لیتی ہے لیکن اب جب کسان پریشان حال ہیں اور انہیں اپنے بیمہ کی رقم کی ضرورت ہے تو انہیں رقم جلد از جلد ادا کیوں نہیں کی جا رہی؟
وہیں، سیلاب متاثرین سے ملاقات کے لئے پہنچے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے لوگوں کی خیریت معلوم کی۔ ہنڈیا میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس شدید سیلاب کے بحران میں ریاستی حکومت آپ کے ساتھ ہے۔ پریشان نہ ہوں، ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔
وزیر اعلی نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فصلوں، مکانات اور سامان کو ہونے والے نقصانات کا جلد ہی مکمل جائزہ لیا جائے گا۔ متاثرہ افراد کو آر بی سی 6-4 اور فصل انشورنس دونوں کا فائدہ متاثرین کو ملے گا۔ متاثرین کی معمولات زندگی کو دوبارہ پٹری پر لائی جائے گی۔ سبھی انتظامات بہتر کیے جائیں گے۔ کمشنر، آئی جی، کلکٹر سمیت انتظامیہ کی پوری ٹیم لوگوں کی مدد کے لئے تیار ہوگی، تاکہ بہتر انتظامات کیے جاسکیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔