مہاراشٹر اور گجرات میں سیلاب کی تباہ کاریاں، گڑھ چرولی میں کئی گاؤں زیرِ آب، ضلع کچھ میں 15 گائیں بہہ گئیں

مہاراشٹر اور گجرات میں بارش کے بعد سیلاب کی تباہ کاریاں دیکھنے میں آ رہی ہیں۔ گڑھ چرولی میں جہاں کئی دیہات زیر آب آ گئے ہیں وہیں گجرات کے ضلع کچھ میں 15 گائیوں کے بہہ جانے کی خبر سامنے آئی ہے

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

مہاراشٹر اور گجرات میں بارش کے بعد سیلاب کی تباہ کاریاں دیکھنے میں آ رہی ہیں۔ گڑھ چرولی میں جہاں کئی دیہات زیر آب آ گئے ہیں وہیں گجرات کے ضلع کچھ میں 15 گائیوں کے بہہ جانے کی خبر سامنے آئی ہے۔ خیال رہے کہ مہاراشٹر کے گڑھ چرولی ضلع میں گزشتہ کئی دنوں سے ہو رہی موسلادھار بارش کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی ہے اور سیلاب کے باعث 15 کے قریب دیہات پانی میں ڈوب گئے ہیں۔ وہیں، آمدورفت میں بھی کافی مسائل کا سامنا ہے۔

گڑھ چرولی میں موسلادھار بارش کی وجہ سے حالات مسلسل بگڑتے جا رہے ہیں۔ سیلابی پانی کئی دیہاتوں میں گہرائی تک داخل ہو گیا ہے۔ جس کی وجہ سے دیہاتیوں کو کھانے پینے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ انتظامیہ نے سیلاب سے نمٹنے کے لیے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔ سیلابی صورتحال کے باعث متاثرہ علاقوں میں سڑکوں کو احتیاط کے طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ جس کی وجہ سے لوگوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔


وہیں، گجرات کے علاقہ ’کَچھ‘ میں بھی سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔ شدید بارش کی وجہ سے اوڑاسہ میں واقعہ سنگھانا ندی میں طغیانی آ گئی، جس کی وجہ سے تقریباً 15 گائیں پانی میں بہہ گئیں۔

گجرات کے کئی اضلاع میں موسلادھار بارش کی وجہ سے حالات خراب ہو گئے ہیں۔ سیلابی صورتحال کے پیش نظر حکومت نے متاثرہ افراد کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ گجرات کے وزیر اعلی بھوپیندر بھائی پٹیل نے سیلاب سے متاثرہ کئی اضلاع کا فضائی معائنہ بھی کیا۔

سی ایم بھوپیندر بھائی پٹیل نے ایکس پر اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے سوراشٹر کے ساحلی اضلاع میں شدید بارش کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا۔ جام نگر اور دوارکا اضلاع کے دیہاتوں کے فضائی معائنہ کے بعد دونوں اضلاع کے عہدیداروں اور ساتھ میٹنگ کی گئی اور راحت اور بچاؤ کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

انہوں نے کہا، “ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تیز بارش کے دوران لوگوں کی حفاظت کے لیے تیزی سے کام کریں۔ ساتھ ہی انہیں ضروری ہدایات بھی دی گئی ہیں کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ بے گھر افراد کو تمام بنیادی سہولتیں ملیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔