بہار: مغربی چمپارن کے 70 گاؤں میں سیلاب کا پانی داخل
گنڈک ندی میں ساڑھے چارلاکھ کیوسک پانی چھوڑا گیا جس سے علاقہ میں سیلاب نے خوفناک صورتحال اختیارکرلی ہے ۔
نیپال میں مسلسل ہورہی شدید بارش کے درمیان بہار میں مغربی چمپارن ضلع کے والمیکی نگر بیراج سے منگل کو چھوڑے گئے ساڑھے چار لاکھ کیوسک پانی سے گنڈک ندی میں آئی طغیانی سے سیلاب کا پانی ضلع کے قریب 70 گاﺅں میں پھیل گیا ہے ۔
سرکاری ذرائع نے منگل کو یہاں بتایاکہ والمیکی نگر بیراج سے گنڈک ندی میں ساڑھے چارلاکھ کیوسک پانی چھوڑا گیا ۔ اس سے علاقہ میں سیلاب نے خوفناک صورتحال اختیارکرلی ہے ۔ اس سے مغربی چمپارن ضلع کے ندی کے سرحدی ٹھکراہا ، بھتہا ، مدھوبنی اور پپراسی بلاکوں کے نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر قریب ستر گاﺅں میں سیلاب کا پانی داخل ہوگیا ہے ۔ انتظامیہ کی جانب نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر ان سبھی متاثرہ گاﺅں کے لوگوں کو محفوظ مقام پر پہنچانے میں مددکی جارہی ہے ۔
گنڈک ندی کے کنارے واقع انتہائی اہم پپرا سی پشتہ کے کئی مقامات پر پانی کا زبردست دباﺅ ہے ۔ اس پشتہ کے بھتہا ریٹائرڈ لائن 32.38 پوائنٹ پر گنڈک ندی کا زبردست دباﺅ برقرار ہے ۔ یہاں آبی وسائل محکمہ کے انجینئروں کی ٹیم مسلسل چوکسی برت رہی ہے ۔ سیلاب کی وجہ سے والمیکی نگر کے جھنڈا ٹولہ واقع سرحدی سیکوریٹی فورس ( ایس ایس بی ) کی 21 ویں بٹالین کیمپ میں سیلاب کا پانی داخل ہوجانے سے جوانوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔
والمیکی نگر ہوائی اڈہ میں بھی سیلاب کا پانی داخل ہوگیا ہے ۔ وہیں چکھنی گرام کے نزدیک نیشنل ہائی وے نمبر 727 سیلاب سے تباہ ہوگیا ہے جس سے بڑی گاڑیوں کی آمدورفت بری طرح متاثر ہو گئی ہے ۔
وہیں ضلع کے شمالی علاقہ میں پہاڑی ندیاں مسان ، بھلوئی ، سنگا ، کاپر ، رگھیا نے بھی زبردست تباہی مچا رکھی ہے ۔ کئی مقامات پر دیہی سڑکیں کٹ گئی ہیں اور پل۔ پلیا برباد ہو گیا ہے ۔ سیلاب کی شدت کو دیکھتے ہوئے بگہا میں این ڈی آرایف کی ٹیم تعینات کر دی گئی ہے اور متعلقہ سرکل افسر اور بلاک ڈیولپمنٹ افسر سیلاب متاثرہ علاقوں میں مسلسل چوکسی برت رہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 22 Jul 2020, 7:27 AM