بی جے پی میں شامل ہونے والے منی پور کے پانچ اراکین اسمبلی نے کی جے پی نڈا سے ملاقات
جے پی نڈا نے منی پور کے وزیر اعلیٰ این بیرن سنگھ اور ریاستی بی جے پی صدر اے شاردا دیوی کی موجودگی میں اپنے دفتر میں پارٹی کا پٹکا دے کر بی جے پی میں ان کا استقبال کیا۔
نئی دہلی: منی پور میں جنتا دل (یونائیٹڈ) سے حال ہی میں بھارتیہ جنتا پارٹی میں شامل ہونے والے پانچ اراکین اسمبلی نے اتوار کو پارٹی کے قومی صدر جگت پرکاش نڈا سے ملاقات کی۔ جے پی نڈا نے منی پور کے وزیر اعلیٰ این بیرن سنگھ اور ریاستی بی جے پی صدر اے شاردا دیوی کی موجودگی میں اپنے دفتر میں پارٹی کا پٹکا دے کر بی جے پی میں ان کا استقبال کیا۔
جے ڈی (یو) کے پانچ ایم ایل اے تھنگمی بند کے کھمکچم جوئی کشن سنگھ، ٹپائی مکھ کے نگرسنگالور سناٹے، جیریبام کے اے الدین، وانگکھئی کے تھنجم ارون کمار اور چورا چند پور سے ایل ایم کھوتے نے منی پور اسمبلی کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے بعد جمعہ کو باضابطہ طور پر بی جے پی میں شمولیت اختیار کر لی۔
بی جے پی کی ریاستی اکائی نے کہا کہ ان اراکین اسمبلی کا پارٹی میں انضمام وزیر اعظم نریندر مودی جی اور بی جے پی صدر جے پی نڈا جی کی قیادت میں لوگوں کی طرف سے دکھائے گئے محبت اور اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ دریں اثنا ایک ٹوئٹ میں آج کی میٹنگ کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے لکھا کہ جے پی نڈا جی ان پانچ جے ڈی (یو) اراکین اسمبلی کا تہہ دل سے خیرمقدم کرتے ہیں جنہوں نے حال ہی میں آج اپنے دفتر میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی ہے۔
جے ڈی (یو) نے اس سال کے شروع میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں چھ سیٹیں جیتی تھیں اور پانچ ممبران کے پارٹی چھوڑنے کے بعد اب اس کے پاس صرف ایک ایم ایل اے بچا ہے۔ بتیس سیٹیں جیتنے والی بی جے پی کے پاس اب 60 رکنی ایوان میں 37 ایم ایل اے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔