کشمیر: کولگام میں مسلح تصادم، حزب المجاہدین کمانڈر سمیت 5 ملی ٹینٹ ہلاک

انتظامیہ نے ملی ٹینٹوں کی ہلاکت کے خلاف احتجاجی مظاہروں کے خدشے کے پیش نظر جنوبی کشمیر کے کولگام اور اننت ناگ اضلاع میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کرا دی ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سرینگر: جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے چیوگام میں ہونے والے ایک شبانہ مسلح تصادم میں حزب المجاہدین کے ایک اعلیٰ کمانڈر سمیت 5 ملی ٹینٹ مارے گئے۔ ریاستی پولس نے ملی ٹینٹوں کی ہلاکت کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔ چیوگام میں مسلح تصادم کے مقام پر جنگجوؤں کی حمایت میں سڑکوں پر نکل آنے والوں کی سیکورٹی فورسز کے ساتھ شدید جھڑپیں ہوئیں۔ ان جھڑپوں میں متعدد احتجاجیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ کچھ زخمی گولی اور چھرے لگنے سے زخمی ہوئے ہیں۔

انتظامیہ نے ملی ٹینٹوں کی ہلاکت کے خلاف احتجاجی مظاہروں کے خدشے کے پیش نظر جنوبی کشمیر کے کولگام اور اننت ناگ اضلاع میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کروائی ہیں۔ اس کے علاوہ وادی بھر میں ریل خدمات کو معطل کیا گیا ہے۔ ایک رپورٹ میں کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) سوئم پرکاش پانی کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ چیوگام کولگام میں پانچ ملی ٹینٹوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔ مذکورہ رپورٹ کے مطابق علاقہ میں تلاشی آپریشن جاری ہے۔

مقامی میڈیا کی ایک رپورٹ میں مہلوک ملی ٹینٹوں کی شناخت حزب المجاہدین کمانڈر گلزار احمد پڈر ساکنہ پومبے کولگام، فیصل راتھر ساکنہ یامرچ کولگام، زاہد احمد میر ساکنہ اوکے کولگام، مسرور بٹ ساکنہ فتح پورہ اننت ناگ اور ظہور ساکنہ دمہال ہانجی پورہ کولگام کے بطور کی گئی ہے۔

جموں وکشمیر پولیس کے آفیشل ٹویٹر اکاونٹ پر کہا گیا ’’کولگام کے چیوگام میں مسلح تصادم جاری ہے۔ پانچ جنگجو محصور ہیں۔ تین کو مبینہ طور پر ہلاک کیا جاچکا ہے۔ بارہمولہ اور قاضی گنڈ کے درمیان ریل خدمات کو معطل کیا گیا ہے۔ پولیس اور سیکورٹی فورس اہلکار آپریشن میں مصروف ہیں۔‘‘

ٹویٹر پر مزید کہا گیا ’’یہ پولیس اور سیکورٹی فورسز کے لئے ایک بڑی کامیابی ہے۔ مارے گئے ملی ٹینٹوں کا تعلق حزب المجاہدین اور لشکر طیبہ سے تھا۔ ان میں سے بیشتر سلسلہ وار جنگجویانہ کاروائیوں بشمول دو بینک ملازمین اور متعدد پولیس اہلکاروں کی ہلاکت میں ملوث تھے۔ وہ بینک ڈکیتیوں اور ہتھیار چھیننے کے واقعات میں بھی ملوث تھے۔‘‘

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کولگام کے چیوگام میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی سے متعلق مصدقہ اطلاع ملنے پر فوج، جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقہ میں گذشتہ رات وسیع پیمانے کا تلاشی آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تلاشی آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے مشتبہ گھر کے نذدیک کچھ وارننگ شاٹس کئے جس پر ملی ٹینٹوں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جنگجوؤں کی فائرنگ کے بعد طرفین کے مابین باضابطہ طور پر مسلح تصادم شروع ہوا۔ انہوں نے بتایا ’ملی ٹینٹ مخالف آپریشن جاری ہے۔ مارے گئے ملی ٹینوں کی لاشیں برآمد کی جارہی ہیں‘۔ ایک رپورٹ کے مطابق ملی ٹینٹوں کو ہلاک کرنے کے لئے ایک رہائشی مکان کو دھماکہ خیز مواد سے زمین بوس کردیا گیا۔

دریں اثنا چیوگام کولگام میں ہوئے مسلح تصادم میں پانچ ملی ٹینوٹون کی ہلاکت کے خلاف کولگام اور اننت ناگ اضلاع میں ہفتہ کو ہڑتال کی گئی۔ ہڑتال کے دوران دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی۔ بیشتر تعلیمی اداروں میں درس وتدریس کی خدمات معطل رہیں جبکہ سرکاری دفاتر اور بینکوں میں معمول کا کام کاج جزوی طور پر متاثر رہا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔