جنوبی کشمیر میں دو مسلح جھڑپوں میں 5 ملی ٹینٹ ہلاک، 14 سالہ ملی ٹنٹ بھی شامل

جنوبی کشمیر کے شوپیاں اور اننت ناگ اضلاع میں ہفتے کی شام چھڑنے والی دو مسلح جھڑپوں میں سکیورٹی فورسز نے 5 ملی ٹینٹوں کو ہلاک کیا ہے

جنوبی کشمیر  میں مسلح تصادم / آئی اے این ایس
جنوبی کشمیر میں مسلح تصادم / آئی اے این ایس
user

یو این آئی

سری نگر: جنوبی کشمیر کے شوپیاں اور اننت ناگ اضلاع میں ہفتے کی شام چھڑنے والی دو مسلح جھڑپوں میں سکیورٹی فورسز نے پانچ ملی ٹینٹوں کو ہلاک کیا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق مہلوک ملی ٹینٹوں میں ایک 14 سالہ کمسن ملی ٹینٹ بھی شامل ہے جس نے محض تین دن قبل ملی ٹینٹوں کی صفوں میں شمولیت اختیار کی تھی۔

یہ مسلح جھڑپیں ضلع شوپیاں کے چھتراگام اور ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ میں وقع پذیر ہوئی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ شوپیاں کے چھتراگام میں ہونے والی مسلح جھڑپ میں سکیورٹی فورسز نے ایک 14 سالہ کمسن ملی ٹینٹ سمیت تین ملی ٹینٹوں کو ہلاک کیا ہے۔

کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے ایک ٹویٹ میں کہا: 'پولیس اور سکیورٹی فورسز نے حال ہی میں ریکروٹ ہونے والے ملی ٹینٹ کی خود سپردگی یقینی بنانے کی بہت کوششیں کیں۔ والدین نے بھی اپیل کی لیکن باقی ملی ٹینٹوں نے اسے خود سپردگی اختیار کرنے کی اجازت نہیں دی'۔


آئی جی پی نے ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ بجبہاڑہ میں جن دو ملی ٹینٹوں کو ہلاک کیا گیا ہے وہ مقامی فوجی اہلکار کی حالیہ ہلاکت میں ملوث تھے۔

انہوں نے لکھا: 'فوجی جوان کی ہلاکت میں ملوث ملی ٹینٹوں کو دو دن کے اندر ہی بجبہاڑہ جھڑپ میں مارا گیا ہے'۔ واضح رہے کہ بجبہاڑہ میں جمعے کو مشتبہ ملی ٹینٹوں نے ٹیریٹوریل آرمی کے ایک مقامی اہلکار محمد سلیم آخون ولد غلام حسن آخون کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔ مہلوک اہلکار چھٹی لے کر اپنے گھر آیا ہوا تھا۔

جمعے کو ہی شوپیاں اور پلوامہ اضلاع میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے درمیان ہونے والی دو الگ الگ تصادم آرائیوں کے دوران انصار غزوۃ الہند کے سربراہ سمیت 7 ملی ٹینٹ مارے گئے تھے۔ دریں اثنا فوج کے ایک ترجمان نے بتایا کہ شوپیاں کے چھتراگام مسلح تصادم کی جگہ سے ایک اے کے رائفل اور ایک پستول برآمد کی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔