کیرالہ میں پہلی آن لائن شادی کا انعقاد

عدالت نے ریاستی حکومت، مرکزی وزارت اطلاعات و ٹیکنالوجی اور وزارت خارجہ کی مشاورت سے دونوں کو آن لائن شادی کرنے کی اجازت دی تھی۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
فائل تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

ریاست کی پہلی آن لائن شادی ہفتہ کے روز کیرالہ کے ضلع کولم میں پنالور سب رجسٹرار آفس میں ہوئی۔
یہ شادی ڈپٹی رجسٹرار ٹی ایم فیروز کی نگرانی میں ہوئی جنہوں نے دلہن کو شادی رجسٹریشن کا سرٹیفکیٹ دیا۔ اس کے بعد دلہن دھنیا مارٹن یوکرین میں مقیم جیون کمار کے ساتھ قانونی طور پر شادی کے بندھن میں بندھ گئی۔ کورونا وائرس سے متعلقہ مسائل کی وجہ سے جیون کمار یوکرین سے کیرالہ نہیں پہنچ سکے۔

دھنیا مارٹن اور جیون کمار نے مارچ میں خصوصی شادی ایکٹ کے تحت شادی کے لیے درخواست دی تھی۔ اس کے بعد، دونوں نے کیرالہ ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا اور درخواست کی مدت میں توسیع کرنے اور دونوں فریقوں کی غیر موجودگی میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شادی کی اجازت دینے کی درخواست کی تھی۔


بعد ازاں عدالت نے ریاستی حکومت، مرکزی وزارت اطلاعات و ٹیکنالوجی اور وزارت خارجہ کی مشاورت سے دونوں کو آن لائن شادی کرنے کی اجازت دی۔

ڈسٹرکٹ رجسٹرار سی کے جانسن گوگل میٹ کے ذریعے اس شادی کے گواہ بنے جبکہ ڈپٹی رجسٹرار فیروز نے اپنی نگرانی میں شادی کروائی۔ دولہے کے والد دیوراجن نے اپنے بیٹے کی جانب سے شادی نامہ پر دستخط کئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔