کانگریس ’تھنک ٹینک گروپ‘ کی پہلی میٹنگ آج، اسمبلی الیکشن نتائج پر غور و خوض کا امکان

تھنک ٹینک گروپ کی میٹنگ کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ اس میں خصوصی طور پر حالیہ ایشوز کے بارے میں بات چیت کی جائے گی اور طے کیا جائے گا کہ پارٹی کا اسٹینڈ کیا ہونا چاہیے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

کانگریس صدر سونیا گاندھی نے 17 لیڈروں پر مشتمل جس ’تھنک ٹینک گروپ‘ کی تشکیل کی ہے، اس کی آج پہلی میٹنگ دہلی میں ہونے والی ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق اس تھنک ٹینک گروپ میٹنگ کی صدارت خود سونیا گاندھی کریں گی۔ مہاراشٹر اور ہریانہ اسمبلی انتخابات کے برآمد نتائج کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ میٹنگ میں اس بات پر بھی غور و خوض کیا جائے گا کہ پارٹی کو آگے کس طرح کی پالیسی اختیار کرنی چاہیے۔

تھنک ٹینک گروپ کی میٹنگ کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ اس میں خصوصی طور پر حالیہ ایشوز کے بارے میں بات چیت کی جائے گی اور طے کیا جائے گا کہ پارٹی کا اسٹینڈ کیا ہونا چاہیے۔ کانگریس پارٹی نے اہم ایشوز پر پارٹی کا اسٹینڈ طے کرنے کے لیے بھی ایک خصوصی کمیٹی بنائی ہے۔ میٹنگ میں 18 نومبر سے 13 دسمبر تک چلنے والے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں پارٹی کن ایشوز کو ترجیحی بنیاد پر اٹھائے گی، اس پر بھی بحث ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔علاوہ ازیں مودی حکومت شہریت ترمیمی بل لا سکتی ہے، اس سلسلے میں بھی تھنک ٹینک گروپ کی میٹنگ میں بات چیت ہو سکتی ہے۔


بہر حال، اس میٹنگ سے قبل کانگریس کے ایک لیڈر کا کہنا ہے کہ اس طرح کے گروپ کی بہت پہلے سے ضرورت محسوس کی جا رہی تھی اور اب جب کہ تھنک ٹینک گروپ کی پہلی میٹنگ ہونے والی ہے تو اس کے مثبت نتائج برآمد ہونے کی امید ہے۔ کانگریس تھنک ٹینک گروپ کی بات کریں تو اس میں سونیا گاندھی، راہل گاندھی، سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ، احمد پٹیل، کے سی وینو گوپال، ملکارجن کھڑگے، غلام نبی آزاد، اے کے انٹونی اور کپل سبل جیسے لیڈر شامل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 25 Oct 2019, 10:47 AM