پی ایم مودی کی رہائش پر آتشزدگی کی خبر سے افرا تفری، فائر بریگیڈ نے آگ پر پایا قابو
7 لوک کلیان مارگ واقع پی ایم رہائش گاہ پر آگ لگنے کی خبر پھیلنے کے تقریباً ایک گھنٹے بعد وزیر اعظم دفتر نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر جانکاری دی کہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی تھی جس پر قابو پا لیا گیا ہے۔
نئی دہلی میں 7 لوک کلیان مارگ واقع وزیر اعظم رہائش گاہ احاطہ کے پاس پیر کے روز آگ لگنے کی خبر سے لوگوں میں ایک افرا تفری کا ماحول دیکھنے کو ملا۔ سیاسی حلقہ سے لے کر عام لوگوں میں اس بات کو لے کر تجسس پیدا ہو گئی کہ آخر پی ایم مودی کی رہائش گاہ میں آگ کس طرح لگی۔ خبر رساں ادارہ اے این آئی نے آگ لگنے کے بعد کیے گئے ایک ٹوئٹ میں یہ جانکاری دی کہ آتشزدگی شام کے تقریباً 7.25 بجے ہوئی اور اس کی خبر ملتے ہی فائر بریگیڈ کی 9 گاڑیاں جائے وقوع کے لیے روانہ ہو گئیں۔
میڈیا ذرائع میں پی ایم مودی کی رہائش پر آگ لگنے کی خبریں تیزی کے ساتھ پھیل گئیں، حالانکہ کچھ ہی دیر بعد اس بات کی جانکاری ملی کہ آگ بہت زیادہ سنگین نہیں ہے اور فائر بریگیڈ اس پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کچھ خبروں میں یہ بھی بتایا گیا کہ پی ایم رہائش گاہ کے 9 نمبر بنگلے میں آگ لگی تھی۔
پی ایم کی رہائش میں آگ لگنے کی خبر پھیلنے کے تقریباً ایک گھنٹے بعد وزیر اعظم دفتر کے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے اس سلسلے میں اہم جانکاری دی گئی۔ ٹوئٹ میں واضح لفظوں میں لکھا گیا کہ ’’آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے 9، لوک کلیان مارگ پر لگی تھی اور یہ معمولی قسم کی آگ تھی۔‘‘ ساتھ ہی اس میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ ’’جہاں آگ لگی وہ پی ایم کی رہائش گاہ یا پھر ان کے دفتر والا علاقہ نہیں ہے بلکہ ایس پی جی رسپشن والی جگہ ہے جو کہ لوک کلیان مارگ کمپلیکس کے تحت آتا ہے۔‘‘ وزیر اعظم دفتر کے ٹوئٹر ہینڈل سے اس آگ پر قابو پا لینے کی بھی اطلاع دی گئی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔