بی جے پی لیڈر سمبت پاترا کے خلاف ایف آئی آر کا حکم، کیجریوال کے فرضی ویڈیو معاملہ میں عدالتی فیصلہ
سمبت پاترا نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں اروند کیجریوال مرکزی حکومت کے تین متنازعہ زرعی قوانین کی تعریف کرتے ہوئے نظر آ رہے تھے، عام آدمی پارٹی نے ویڈیو کو فرضی قرار دیا ہے
نئی دہلی: دہلی کی ایک عدالت نے منگل کے روز دہلی پولیس کو حکم دیا کہ وہ بی جے پی لیڈر سمبت پاترا کے خلاف ایف آئی آر درج کرے۔ سمبت پاترا پر دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی مبینہ فرضی ویڈیو انٹرنیٹ پر پوسٹ کرنے کا الزام ہے۔ ویڈیو میں کیجریوال زرعی قوانین کے تعلق سے بیان دے رہے ہیں۔
تیس ہزاری کورٹ کے میٹروپالیٹن مجسٹریٹ ریشبھ کپور نے عام آدمی پارٹی کی لیڈڑ آتشی کی شکایت کو قبول کرتے ہوئے تعزیرات ہند کی متعلق دفعات کے تحت بی جے پی کے ترجمان پاترا کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا۔ آتشی نے رواں سال جنوری ماہ میں سمبت پاترا کے خلاف دہلی پولس میں شکایت کی تھی۔
معاملہ درج نہ ہونے پر عآپ نے عدالت کا رخ کیا۔ 23 نومبر کو اس تعلق سے سماعت کرتے ہوئے دہلی کے تیس ہزاری کورٹ نے سمبت پاترا پر ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت دی۔عرضی گزار کی جانب سے پیش ہونے والے سینئر ایڈوکیٹ رشیکیش اور محمد ارشاد نے کہا کہ ملزم نے دانستہ طور پر فرضی ویڈیو تیار کی اور اسے انٹرنیٹ پر اپلوڈ بھی کی تاکہ سماج کا ایک طبقہ ان کے خلاف ہو جائے۔
عرضی میں کہا گیا کہ چونکہ شکایت واضح طور پر سنگین جرم کی اطلاع فراہم کرتی ہے لہذا پولیس افسران کا اولین فرضہ ہے کہ وہ قانون کے مطابق ایف آئی آر درج کریں۔
خیال رہے کہ سمبت پاترا نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر جو ویڈیو شیئر کی تھی اس میں اروند کیجریوال مرکزی حکومت کے تین متنازعہ زرعی قوانین کی تعریف کرتے ہوئے نظر آ رہے تھے۔ ویڈیو میں اروند کیجریوال زرعی قوانین کو 70 سال میں اٹھایا گیا انقلابی قدم قرار دے رہے تھے۔ بعد میں عآپ نے اس ویڈیو کو فرضی قرار دیا اور سمبت پاترا کے خلاف ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے پولیس میں شکایت پیش کی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔