آگرہ میں بیٹی کے ’کورونا وائرس‘ انفیکشن کو چھپانے پر باپ کے خلاف مقدمہ!

ضلع مجسٹریٹ پربھو نارائن سنگھ کی ہدایت پر متاثرہ کے والد کے خلاف دفعہ 269 اور آئی پی سی کی دفعہ 270 کے تحت صدر بازار پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش کے آگرہ میں ایک والد کے خلاف اپنی بیٹی کے کورونا وائرس کی بیماری کو چھپانے پر پولیس کی طرف سے مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ کورونا سے متاثرہ 25 سالہ خاتون بنگلورو سے تعلق رکھنے والے ایک آئی ٹی پروفیشنل کی بیوی ہے اور کچھ روز قبل اس کی جانچ کرونا وائرس کے لئے مثبت پائی گئی تھی۔ فی الحال، آگرہ پولیس نے والد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، تاہم کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے کیوں کہ پورے خاندان کو آئسولیشن میں رکھا گیا ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ یہ خاندان آگرہ کنٹونمنٹ ریلوے اسٹیشن کے قریب ریلوے کالونی کے کوارٹر میں رہتا ہے، جہاں اس وقت پورا کنبہ سیف آئسولیشن میں ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کنبے پر کسی بھی قسم کی کارروائی ان کے آئسولیشن سے باہر آنے کے بعد ہی کی جائے گی۔ آگرہ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ببلو کمار نے اشارہ دیا ہے کہ 14 دن کے بعد ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔


اس سے قبل ضلع مجسٹریٹ پربھو نارائن سنگھ کی ہدایت پر متاثرہ کے والد کے خلاف دفعہ 269 (غیر قانونی یا لاپروائی میں کچھ ایسا کرنا جس سے کسی بیماری کے ایسے انفیکشن کے پھیلنے کا خدشہ ہو جو زندگی کے لئے خطرناک ہو) اور آئی پی سی کی دفعہ 270 کے تحت صدر بازار پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔ یہ شکایت ایڈیشنل چیف میڈیکل آفیسر ونے کمار نے علی گڑھ اور لکھنؤ میڈیکل کالج سے موصولہ اطلاعات کی بنیاد پر درج کرائی تھی۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق، متاثرہ خاتون فی الحال ایس این میڈیکل کالج کے آئسولیشن وارڈ میں ہے اور زیر علاج ہے۔ اس کے والد ریلوے میں ملازم ہیں جن پر اپنی بیٹی کے بارے میں افسران کو گمراہ کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ متاثرہ اٹلی سے ہنی مون ٹرپ کے بعد بنگلورو گئی تھی اور اس کے بعد وہ اپنے والدین کے پاس آگرہ لوٹ آئی۔ اس کے بعد اس کے شوہر میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ فی الحال دونوں کا علاج جاری ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔