وزیر خزانہ 23 جولائی کو بجٹ پیش کریں گے، پارلیمنٹ کے اجلاس کی تاریخوں کا اعلان

18ویں لوک سبھا کا پہلا اجلاس ختم ہو گیا ہے۔ اس میں نومنتخب ارکان اسمبلی کی حلف برداری کی تقریب ہوئی اور لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی مشترکہ میٹنگ ہوئی جس سے صدر دروپدی مرمو نے خطاب کیا

نرملا سیتارمن / تصویر یو این آئی
نرملا سیتارمن / تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ملک میں 18ویں لوک سبھا کی تشکیل کے بعد اب مودی حکومت اپنی تیسری مدت کا پہلا بجٹ پیش کرنے جا رہی ہے۔ مرکزی بجٹ 2024 کی تاریخوں کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔ وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن 23 جولائی کو پارلیمنٹ میں بجٹ پیش کریں گی۔ دراصل، 18ویں لوک سبھا کا پہلا اجلاس ختم ہو گیا ہے۔ اس میں نومنتخب ارکان اسمبلی کی حلف برداری کی تقریب ہوئی اور لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی مشترکہ میٹنگ ہوئی جس سے صدر دروپدی مرمو نے خطاب کیا۔ اب سب کی نظریں بجٹ اجلاس پر لگی ہوئی ہیں۔ پارلیمنٹ کا اجلاس 22 جولائی سے 12 اگست تک چلے گا۔

پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے اپنے ایکس ہینڈل پر بجٹ اجلاس کے بارے میں معلومات دیں۔ انہوں نے لکھا، ’’حکومت ہند کی منظوری پر ہندوستان کی صدر نے 22 جولائی، 2024 سے 12 اگست، 2024 تک (پارلیمانی کام کی ضروریات کے تحت) بجٹ سیشن، 2024 کے لیے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کو طلب کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔ مرکزی بجٹ 2024-25، 23 جولائی 2024 کو لوک سبھا میں پیش کیا جائے گا۔‘‘


خیال رہے کہ اس سال دو بار بجٹ پیش کیا جا رہا ہے۔ یکم فروری 2024 کو عبوری بجٹ پیش کیا گیا تھا لیکن اب نئی حکومت کے قیام کے بعد مکمل مرکزی بجٹ پیش ہونے جا رہا ہے۔ اس بار بجٹ پیش کرنے کے بعد موجودہ مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن مسلسل 7 مرکزی بجٹ پیش کرنے والی پہلی وزیر خزانہ بن جائیں گی۔ اس معاملے میں وہ مرارجی دیسائی کو پیچھے چھوڑ دیں گی، جنہوں نے لگاتار 6 مرتبہ بجٹ پیش کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔