بالآخر مرکزی وزیر قانون نے کانگریس لیڈر ششی تھرور سے مانگی معافی

مودی حکومت میں وزیر قانون روی شنکر پرساد نے اپنے ایک بیان میں کانگریس رکن پارلیمنٹ ششی تھرور کو ’قتل کا ملزم‘ کہا تھا جس پر اب انھوں نے باضابطہ خط لکھ کر تھرور سے بلاشرط معافی مانگی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

مرکزی وزیر قانون روی شنکر پرساد نے تقریباً ایک سال قبل کانگریس رکن پارلیمنٹ ششی تھرور کو 'قتل کا ملزم' کہا تھا جس کے لیے انھوں نے تحریری طور پر بلاشرط معافی مانگی ہے۔ اس معافی نامہ کے بعد ششی تھرور نے بھی روی شنکر پرساد کے خلاف کیا گیا ہتک عزتی کا مقدمہ واپس لے لیا ہے۔ ششی تھرور نے روی شنکر پرساد کے ذریعہ تحریر کردہ معافی نامہ کی کاپی اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے شیئر بھی کی ہے۔


ششی تھرور نے بی جے پی لیڈر روی شنکر پرساد کا معافی نامہ ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ "یہ اعلان کرتے ہوئے کافی خوشی ہو رہی ہے کہ روی شنکر پرساد کے ساتھ ہوئی ان کی نااتفاقی پر سمجھوتہ ہو گیا ہے۔" دراصل ایک سال قبل جب اپنے ایک بیان میں روی شنکر پرساد نے ششی تھرور کو قتل کا ملزم بتایا تھا تو ان پر کانگریس لیڈر نے ہتک عزتی کا مقدمہ کر دیا تھا۔ روی شنکر پرساد نے اپنے بیان پر معافی مانگتے ہوئے خط میں لکھا ہے کہ "ایک سال پہلے میں نے آپ کو قتل کا ملزم بتا دیا تھا۔ اب جانچ کے بعد میں اس نتیجہ پر پہنچا ہوں کہ جو میں نے کہا وہ دلائل کے لحاظ سے غلط ہے۔ میں اپنے الزام کو بلاشرط واپس لیتا ہوں۔"

بہر حال، اس معافی نامہ سے پہلے ترووننت پورم کی ایک عدالت نے ششی تھرور کے ذریعہ داخل ہتک عزتی معاملہ میں روی شنکر پرساد کو نوٹس جاری کر پیش ہونے کی ہدایت دی تھی۔ روی شنکر پرساد کو 2 مئی کو عدالت میں پیش ہونا تھا۔ نوٹس ملنے کے بعد روی شنکر پرساد نے ششی تھرور سے یہ تحریری معافی مانگی ہے اور اس کے ساتھ ہی ششی تھرور نے اپنا مقدمہ واپس لے لیا۔ گویا کہ دونوں کے درمیان پیدا تنازعہ اب ختم ہو گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔