’شاہین باغ کی خواتین آپ کو سلام، لیکن اب اپنی صحت کا خیال کیجیے، گھر جائیے‘
شاہین باغ مظاہرہ میں شامل خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے مشہور فلمساز انوبھو سنہا نے کہا ہے کہ اس وقت ملک ضروری ہے اس لیے مظاہرہ کچھ دنوں کے لیے ملتوی کر دیں اور حالات بہتر ہونے پر دوبارہ مظاہرہ کریں۔
مشہور و معروف فلمساز انوبھو سنہا نے ہندوستان میں کورونا وائرس کے پھیلتے اثر کو دیکھتے ہوئے شاہین باغ مظاہرہ میں شامل خواتین سے ایک انتہائی اہم گزارش کی ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ کے ذریعہ پہلے تو شاہین باغ میں شہریت ترمیمی قانون، این آر سی اور این پی آر کے خلاف جدوجہد کر رہی خواتین کے حوصلے کو سلام کیا ہے اور پھر ان سے کورونا وائرس کے خطرات کے مدنظر کچھ دنوں کے لیے یہ مظاہرہ ملتوی کرنے کی اپیل کی ہے۔
انوبھو سنہا نے شاہین باغ مظاہرین سے مخاطب ہوتے ہوئے دو ٹوئٹ کیا ہے جس میں سے پہلے ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا ہے کہ "اور شاہین باغ، آپ کی ہمت کی داد ہے۔ لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ اس انقلاب کو آنے والے کچھ وقت کے لیے ملتوی کر دیا جائے۔ آپ کی بات بہ آواز بلند کہہ اور سن لی گئی ہے۔ آپ کے ساتھ کھڑے لوگوں کی تعداد گن لی گئی ہے۔ اب آپ کے ہاتھوں نقصان ہونے کی گنجائش ہے۔ (ایسا) نہ ہونے دیں۔"
اس کے بعد اپنے دوسرے ٹوئٹ میں انوبھو سنہا لکھتے ہیں کہ "ملک پہلے ہے۔ گھر جائیے، لڑائی پھر کی جائے گی۔ یہ بے حد غیر معمولی حالات ہیں۔ ان سے لڑ کے آگے نکلنا ہے پہلے۔ آپ کی اپنی اچھی صحت کا سوال ہے۔ گھر جائیں۔ جو آپ سب نے کیا اس کے لیے سلامی ہے آپ سب کو۔" اپنے ٹوئٹ کے ذریعہ انوبھو سنہا نے شاہین باغ کی خاتون مظاہرین کو یہ سمجھانے کی کوشش کی ہے کہ کورونا وائرس کو دیکھتے ہوئے فی الحال مظاہرہ کو ملتوی کرنا بہتر قدم ہوگا اور پھر مشکل وقت نکل جانے کے بعد ایک بار پھر نئی طاقت کے ساتھ وہ مظاہرہ شروع کر سکتی ہیں۔
انوبھو سنہا کے ٹوئٹ کے بعد کئی لوگوں نے اس پر اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے اور ان کی اس گزارش کا استقبال کیا ہے۔ لیکن کئی لوگوں نے سوشل میڈیا پر ان کی اپیل کو اس لیے نہ ماننا بہتر بتایا کہ اس سے کہا جائے گا کہ خواتین نے اپنے قدم پیچھے کھینچ لیے۔ آفرین نامی ایک ٹوئٹر ہینڈل سے انوبھو سنہا کو ریپلائی کیا گیا جس میں لکھا گیا کہ "انوبھو سنہا سر، شاہین باغ سے ہٹنے پر لوگ مذاق بنائیں گے کہ شاہین باغ کی عورتیں ایک بیماری سے ڈر گئیں۔ اس لیے شاہین باغ خالی کر دی۔ بات بہت دور تک چلی گئی ہے سر۔ پورا دھیان رکھا جا رہا ہے اس بیماری سے بچاؤ کا۔ میں بھی جاتی ہوں سر۔"
اس جواب کا رد عمل بھی انوبھر سنہا نے دیا ہے۔ انھوں نے اس کا جواب دیتے ہوئے لکھا ہے کہ "جو لوگ مذاق بنائیں گے ان کے لیے کیا گیا تھا کیا مظاہرہ؟ وہ لوگ کسی بھی حال میں مذاق ہی بنائیں گے۔ گھر جائیے۔ اگلے دو تین مہینے یہ لڑائی کوئی لڑنے بھی نہیں والا آپ سے۔ پھر خیمہ لگا کے بیٹھنے کی وجہ۔ جائیے اپنا خیال رکھیے اور مظاہرہ کے مقام پر (دوبارہ) پہنچنے کے لیے خود کو تیار کیجیے۔"
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔