آج کی لڑائی ’باپو‘ کے پیار اور ’گوڈسے‘ کے نظریات سے ہے: راہل گاندھی
کانگریس صدر راہل گاندھی نے کہا کہ ہمارا تاریخی کام یہ ہے کہ ہم پورے ہندوستان میں، ہندوستان کی ہر ریاست میں کانگریس پارٹی گارنٹیڈ منیمم انکم نافذ کرے گی، یعنی ڈائریکٹ پیسہ اکاؤنٹ میں ڈالے گی۔
مودی اور شاہ کے گڑھ میں سنکلپ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس صدر راہل گاندھی نے کہا کہ آج لڑائی دو نظریات کی ہے، ایک مہاتما گاندھی کے پیار اور عدم تشدد کا ہے اور دوسرا نفرت اور گوڈسے کا ہے۔ کانگریس باپو کے نظریہ پر عمل کرتے ہوئے نفرت کو شکست دے گی اور کانگریس نے یہ فیصلہ لے لیا ہے کہ 2019 میں وہ یہ تاریخی کام کرے گی۔ راہل نے کہا کہ ’’اگر نریندر مودی جی امیروں کا ساڑھے تین لاکھ کروڑ کا قرض معاف کر سکتے ہیں، عوام کا پیسہ امیروں کو دے سکتے ہیں تو کانگریس پارٹی ہندوستان کے غریب عوام کو، کسانوں کو، مزدوروں کو، چھوٹے دکانداروں کو پیسہ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا تاریخی کام یہ ہے کہ ہم پورے ہندوستان میں، ہندوستان کی ہر ریاست میں کانگریس پارٹی گارنٹیڈ منیمم انکم لاگو کر ے گی ۔ کانگریس ڈائریکٹ یہ پیسہ اکاؤنٹ میں ڈالے گی۔ اس موقع پر انہوں نے گجرات کانگریس کارکنان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’’گجرات میں انتخابات ہوئے، آپ لڑے اور ببر شیر کی طرح سبھی کارکنان ایک ہو کر لڑے‘‘۔
کانگریس صدر راہل گاندھی نے کہا کہ ’’ تاریخ میں یہ پہلی بار ہوا ہے جب سپریم کورٹ کے چار جج پریس کے پاس جاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ہمیں کام کرنے نہیں دیاجا رہا ہے۔ عام طور سے عوام سپریم کورٹ کے پاس جاتی ہے انصاف کے لیے، آج کے ہندوستان میں سپریم کورٹ کے جج عوام کے سامنے انصاف مانگتے ہیں اور یہ صرف سپریم کورٹ کے ساتھ نہیں ہو رہا ہے۔ جہاں بھی آپ دیکھیں ہندوستان کے ہر آئینی اداروں پر حملہ جاری ہے۔ لوگوں کو بانٹا جا رہا ہے، نفرت پھیلائی جا رہی ہے‘‘۔
راہل نے مودی حکومت کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’ ہندوستان میں سب سے پہلا اور سب سے بڑا ایشو بے روزگاری ہے ۔ آج ہندوستان میں 45 سال میں سب سے زیادہ بے روزگاری ہے۔ نریندر مودی میک ان انڈیا کی بات کرتے ہیں، اسٹارٹ اپ کی بات کرتے ہیں لیکن سچائی یہ ہے کہ آج ہندوستان کا نوجوان الگ الگ ریاستوں میں روزگار ڈھونڈتا پھررہا ہے‘‘۔اپنے خطاب میں انہوں نے کسانوں کا مدا اٹھاتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کسانوں کے مسائل کے تئیں سنجیدہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ تین ریاستوں میں کانگریس کی حکومت کے قیام کے دس دن کے اندر کسانوں کا قرض معاف کر دیا ، جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ہم جو کہتے ہیں وہ کرتے ہیں ۔ نوٹ بندی کے فیصلہ پر نریندر مودی کو اپنی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’ نریندر مودی نے بغیر پوچھے آٹھ بجے رات کو اعلان کرتے ہیں کہ 500 کا اور 1000 کا نوٹ ردی ہو رہا ہے۔ گجرات کے جو چھوٹے دکاندار، اسمال میڈیم سائز کے کاروبار جو معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں وہ اس اعلان سے تباہ ہو گئے ،کروڑوں لوگ بے روزگار ہو گئے ‘‘۔
جی ایس ٹی پر راہل گاندھی نے کہا کہ گبر سنگھ ٹیکس۔ مودی نے کہا تھا کہ ایک ٹیکس ہوگا، آسان ٹیکس نظام ہوگا لیکن جب رات کو 12 بجے اعلان کرتے ہیں تو پتہ چلتا ہے کہ پانچ الگ الگ ٹیکس ہیں ۔ آج تک کسی کو جی ایس ٹی سمجھ میں نہیں آئی‘‘۔
رافیل کا ذکر کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا ’’ نریندر مودی فضائیہ کی تعریف کرتے ہیں لیکن نریندر مودی ملک کو یہ نہیں بتاتے ہیں کہ انہوں نے پائلٹس اور فضائیہ کی جیب میں سے 30 ہزار کروڑ روپے چوری کر کے انل امبانی کی جیب میں ڈال دیئے‘‘۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 12 Mar 2019, 7:10 PM