ہتھنی کا ’ہیئر اسٹائل‘ دیکھ سبھی ہوئے قائل، آپ بھی کہیں گے ’واہ‘
آئی ایف ایس افسر سدھا رمن نے سینگامالم ہتھنی کی تصویر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی ہے جس کے بعد وہ ہزاروں لوگوں میں موضوعِ بحث بن گئی ہے۔
ابھی تک آپ نے انسانوں کو طرح طرح کے ہیئر اسٹائل میں دیکھا ہوگا، لیکن یہ خبر آپ کے لیے ضرور انتہائی دلچسپ ہوگی کہ سوشل میڈیا پر ایک ایسی ہتھنی کی تصویر وائرل ہو رہی ہے جس نے اپنے ہیئر اسٹائل کا سبھی کو دیوانہ بنا دیا ہے۔ دراصل سینگامالم نامی ایک ہتھنی کے بال لوگوں کی کشش کا مرکز بن رہے ہیں۔ تمل ناڈو کے منّارگڑی واقع راج گوپالاسوامی مندر میں رہنے والی اس ہتھنی کے سر پر لمبے لمبے بال ہیں جس کی کٹنگ بہت خاص طریقے سے کی جاتی ہے۔ مہاوت ہتھنی کے بال کو انتہائی خوبصورتی کے ساتھ سنوارتا بھی ہے تاکہ وہ دیکھنے میں خوبصورت لگے۔
آئی ایف ایس افسر سدھا رمن نے سینگامالم ہتھنی کی تصویر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے شیئر کی ہے جس کے بعد وہ ہزاروں لوگوں میں موضوعِ بحث بن گئی ہے۔ کچھ لوگوں نے اس ہتھنی کو 'باب کٹ سینگامالم' نام دے دیا ہے اور سدھارمن کی طرف سے ڈالی گئی تصویر کو اب تک تقریباً 20 ہزار لائکس مل چکے ہیں۔ اس کے علاوہ لوگ طرح طرح کے کمنٹ بھی کر رہے ہیں۔
کچھ میڈیا ذرائع نے اپنی رپورٹ میں سینگامالم کے تعلق سے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ اسے 2003 میں کیرالہ سے راج گوپالاچاری مندر لایا گیا تھا۔ اس کے مہاوت ایس راج گوپال اس کی پوری دیکھ بھال کرتے ہیں اور اس کے بال کاٹنے اور سنوارنے میں کافی وقت دیتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر مہاوت کے ذریعہ ہتھنی کے بال کو سنوارتے ہوئے تصویریں بھی وائرل ہو رہی ہیں جو واقعی قابل دید ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔