یومِ آزادی سے قبل راجوری فوجی کیمپ پر فدائین حملہ، 3 فوجی شہید، 2 ملی ٹینٹ ہلاک، کشمیر میں ہائی الرٹ

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں رینج مکیش سنگھ نے بتایا کہ مشتبہ ملی ٹینٹوں نے پرگرال فوجی کیمپ کے اندر زبردستی گھسنے کی کوشش کی، اس دوران گولیوں کا تبادلہ ہوا اور دو حملہ آور ہلاک ہو گئے

تصویر ٹوئٹر
تصویر ٹوئٹر
user

قومی آواز بیورو

جموں: جموں و کشمیر کے ضلع راجوری کے پرگرال درہال فوجی کیمپ پر جمعرات اعلیٰ الصبح ملی ٹینٹوں نے فدائین حملہ کیا جس کے سبب 3 فوجی شہید ہو گئے، جبکہ ایک میجر سمیت مزید دو اہلکار شدید طورپر زخمی ہوئے۔ دریں اثنا، 2 ملی ٹینٹ ہلاک ہو گئے۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں رینج مکیش سنگھ نے بتایا کہ مشتبہ ملی ٹینٹوں نے پرگرال فوجی کیمپ کے اندر زبردستی گھسنے کی کوشش کی، اس دوران گولیوں کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں دو حملہ آور ہلاک ہو گئے۔ یوم آزادی سے قبل فوجی کیمپ پر حملے کے بعد جموں وکشمیر میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق راجوری کے درہال پولیس اسٹیشن سے چھ کلومیٹر کی دوری پر واقع فوجی کیمپ پر جمعرات اعلیٰ الصبح جنگجووں نے فدائین حملہ کیا جس کے نتیجے میں پانچ فوجی شدید طورپر زخمی ہوئے اگر چہ اُنہیں اُدھم پور فوجی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے تین فورسز اہلکاروں کو مردہ قرار دیا جبکہ مزید دو کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔


ذرائع نے بتایا کہ راجوری کے پرگرال فوجی کیمپ کے اندر اُس وقت سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا جب جمعرات نماز فجر سے قبل کیمپ کے باہر گولیوں اور بم دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں رینج مکیش سنگھ نے بتایا کہ واقعہ کے بعد وسیع علاقے کو سیکورٹی فورسز نے محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے۔

یوم آزادی سے تین روز قبل راجوری کے فوجی کیمپ پر ہوئے فدائین حملے کے بعد جموں وکشمیر میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ مرکزی وزارت داخلہ نے فوجی تنصیبات، پولیس اسٹیشنوں اور دیگر حساس عمارتوں کے اردگرد اضافی اہلکاروں کی تعیناتی کے احکامات جاری کئے ہیں۔ ممکنہ حملوں کو ٹالنے کی خاطر جموں خطے میں ناکوں کا جال بچھایا گیا ہے۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔