فرخ آباد کا نام بدل کر پانچال نگر رکھا جائے، بی جے پی رکن پارلیمنٹ کا یوگی سے مطالبہ

اتر پردیش میں کئی شہروں کے نام تبدیل کئے جا چکے ہیں اور اب فرخ آباد کا نام بھی تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ مکیش راجپوت نے اس سلسلے میں وزیر اعلی کو خط بھی تحریر کیا ہے

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آواز بیورو

فرخ آباد: اتر پردیش میں الہ آباد، فیض آباد کے بعد ایک اور ضلع کا نام تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ فرخ آباد سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ مکیش راجپوت نے فرخ آباد کا نام تبدیل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو خط تحریر کیا ہے۔

خط کے ذریعے مکیش راجپوت نے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے مطالبہ کیا ہے کہ کہا کہ فرخ آباد کی تاریخ بہت قدیم ہے۔ یہ تین دریاؤں گنگا، رام گنگا، کالی ندی کے درمیان واقع ہے اور یہ قدیمی زمانے سے امیر ہے۔

بی جے پی ایم پی نے لکھا، ’’اس وقت اسے پانچال کشیتر کہا جاتا تھا۔ یہ شہر پانچال ریاست کی راجدھانی تھا۔ شہزادی دروپدی کا سومور یہیں ہوا تھا اور راجہ دروپد کی فوج چھاونی شہر میں مقیم تھی۔ آج یہاں دو بڑی رجمنٹ ہیں، ایک راجپوت اور دوسری سکھلائی رجمنٹ۔


فرخ آباد کا نام بدل کر پانچال نگر کرنے کے بی جے پی لیڈر کے مطالبہ سے متعلق سوال پر سماج وادی کے رکن پارلیمنٹ شفیق الرحمن برق نے کہا کہ نام بدلنے سے دل نہیں بدل جائیں گے۔ نام بدلنے کی جو سیاست کی جا رہی ہے وہ ٹھیک نہیں، ملک کی شناخت پرانے ناموں سے ہی ہے۔ یہ محض سیاسی چال ہے اور یہ درست نہیں۔

خیال رہے کہ اس سے پہلے یوپی میں یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت کے دوران الہ آباد کا نام بدل کر پریاگ راج، فیض آباد کا نام بدل کر ایودھیا اور مغل سرائے کا نام بدل کر دین دیال اپادھیائے نگر رکھا جا چکا۔ س کے علاوہ یوپی کے کئی شہروں میں بازاروں اور اسٹیشنوں کے نام بھی بدلے گئے ہیں۔ اس پر بھی کافی سیاست ہوئی۔ نام بدلنے پر اپوزیشن جماعتوں نے بی جے پی کو نشانہ بھی بنایا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔