یوپی میں بی جے پی کی ہر تقریب کی مخالفت کریں گے کسان، سیاہ پرچم کے ساتھ ہوگا مظاہرہ

کسانوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ اتر پردیش میں بی جے پی کی ہر تقریب اور ہر لیڈر کی مخالفت کریں گے۔ شہر سے لے کر گاؤوں تک بی جے پی کے ہر لیڈر کو سیاہ پرچم دکھایا جائے گا

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

لکھنؤ: کسانوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ اتر پردیش میں بی جے پی کی ہر تقریب کی مخالفت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع سے لے کر دیہات تک بی جے پی لیڈران کو سیاہ پرچم دکھائے جائیں گے اور ان کی تقریبات کو روکنے کے لئے مہم چلائی جائے گی۔ یہ اعلان لکھنؤ میں منعقد ہونے والے اجلاس کے بعد کیا گیا۔ اجلاس میں اتر پردیش کے لئے سنیوکت کسان مورچہ کی ریاستی یونٹ تشکیل دئے جانے کا بھی اعلان کیا گیا۔ اس یونٹ میں کسانوں کی کل 85 تنظیموں میں سے ایک ایک رکن لے کر 85 ارکان پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔

یوپی کی راجدھانی لکھنؤ میں دو دن تک چلنے والے سنیوکت کسان مورچہ نرمان سمیتی کے اجلاس میں یہ تمام فیصلے لئے گئے۔ اس فیصلوں کی اطلاع کے لئے لکھنؤ میں ہونے والی پریس کانفرنس کے دوران کسان لیڈر درشن پال سنگھ، ہری رام سنگھ ورما وغیرہ موجود رہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی سطحی کمیٹی میں تین کوآرڈینیٹر بنائے گئے ہیں جو تمام ارکان سے تالمیل کر کے آگے کی حکمت عملی تیار کریں گے۔


انہوں نے کہا کہ اب ریاستی کمیٹی کا اجلاس 17 ستمبر کو ہوگا۔ اس میں 27 ستمبر کو مجوزہ بھارت بند کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کمیٹی مزید ضلعی سطح کی کمیٹیاں تشکیل دے گی جو کہ گاؤں گاؤں جا کر مہم چلائے گی۔ یہ کمیٹی مشن اتر پردیش کے تحت کام کرے گی۔

کسان رہنماؤں نے بتایا کہ تحریک کا خاکہ بنیادی طور پر تین نکات پر طے کیا جائے گا۔ ان میں زرعی قوانین کی مخالفت، ایسی سیاسی جماعتوں کی مخالفت جو کسانوں کے مطالبات کو پورا نہیں کرتیں، ٹول وصول کرنے کی بھی مخالفت کی جائے گی۔ اس کے علاوہ مقامی مسائل کو بھی اس تحریک میں شامل کیا جائے گا۔ کمیٹی نے کہا کہ اس تحریک کو اترا کھنڈ میں بھی اسی جوش کے ساتھ چلایا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔