دہلی: جنتر منتر پر ’ایم ایس پی گارنٹی قانون‘ کے لیے کسانوں کا زوردار مظاہرہ
کسان ہاتھوں میں پمفلٹ لیے ہوئے تھے جن پر لکھا تھا ’کسانوں کی مجبوری ہے، ایم ایس پی ضروری ہے‘، اس مظاہرہ میں بزرگ کسانوں کی تعداد زیادہ دکھائی دے رہی تھی۔
زرعی قوانین کے ملتوی ہونے کے باوجود کسان ایم ایس پی گارنٹی قانون کا مطالبہ حکومت سے کر رہے ہیں۔ اسی درمیان بدھ کی صبح ایم ایس پی گارنٹی قانون کے مطالبہ کو لے کر کچھ کسان دہلی کے جنتر منتر پر مظاہرہ کرنے پہنچے، جنھیں پولیس نے بس میں بٹھا کر سنگھو بارڈر پر پہنچا کر چھوڑ دیا۔ جنتر منتر پر کسان ہاتھوں میں پمفلیٹ لیے ہوئے تھے جن پر لکھا تھا ’کسانوں کی مجبوری ہے، ایم ایس پی ضروری ہے‘۔ اس مظاہرہ میں بزرگ کسانوں کی بڑی تعداد دیکھنے کو ملی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جنتر منتر پر موجود دہلی پولیس اہلکاروں نے جب کسانوں کو مظاہرہ کرتے دیکھا تو وہ فوراً حرکت میں آئے اور ایک بس منگوائی۔ سبھی مظاہرین کو پولیس اہلکاروں نے بس میں بٹھایا اور سنگھو بارڈر لے جا کر چھوڑ دیا۔ دہلی پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ صبح چھ سات لوگ جنتر منتر پر اکٹھا ہوئے اور مظاہرہ کرنے لگے۔ اس کے بعد ہم نے انھیں منع کیا اور سبھی کو سنگھو بارڈر پہنچا دیا۔
اس سے قبل بھی ایم ایس پی پر قانون بنانے اور کسان تحریک میں ہلاک کسانوں کے اہل خانہ کو معاوضہ کا مطالبہ کرتے ہوئے کنڈلی بارڈر پر تحریک چلانے والے کسانوں کے ایک گروپ نے اتوار کو جلوس کی شکل میں دہلی کے جنتر منتر کی طرف رخ کیا تھا، لیکن سنگھو بارڈر کے پاس ہی کسانوں کے جتھے کو پولیس نے روک لیا اور واپس بھیج دیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 02 Feb 2022, 3:39 PM