کسان تحریک: کسانوں نے مرکزی وزراء کے ساتھ کھانا کھانے سے کیا انکار!

کسان لیڈروں نے وزیر زراعت نریندر تومر، وزیر ریل پیوش گویل اور ریاستی وزیر سوم پرکاش سے کہا کہ آج ہم آپ کے ساتھ کھانا نہیں کھائیں گے۔ آپ اپنا کھانا کھائیے اور ہم اپنا کھانا کھائیں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

گزشتہ 30 دسمبر کو جب مودی حکومت کے نمائندوں اور کسان تنظیموں کے نمائندوں کے درمیان میٹنگ ہوئی تھی تو لنچ وقفہ کے دوران مرکزی وزراء نریندر سنگھ تومر اور پیوش گویل وغیرہ کسان لیڈروں کے ساتھ لائن میں لگ کر ان کے ہمراہ لنگر کھاتے ہوئے نظر آئے تھے۔ لیکن وگیان بھون میں آج ہوئی میٹنگ کے دوران ایسی قربت دیکھنے کو نہیں ملی، اور کسان لیڈروں نے مرکزی وزراء کے ساتھ کھانا کھانے سے صاف انکار کر دیا۔

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق پیر کے روز جب کچھ گھنٹوں کی میٹنگ کے بعد دوپہر کے کھانے کا وقفہ ہوا تو، دونوں فریقین کے درمیان کچھ تلخی کا احساس ہوا۔ ہندی نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع ایک خبر میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ کسان تنظیموں کے نمائندوں نے مرکزی وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر، مرکزی وزیر ریل پیوش گویل اور ریاستی وزیر سوم پرکاش سے کہا کہ آج ہم آپ کے ساتھ کھانا نہیں کھائیں گے۔ آج آپ اپنا کھانا کھائیے اور ہم اپنا کھانا کھائیں گے۔


دراصل بتایا جا رہا ہے کہ میٹنگ کے پہلے ہی دور میں کسان لیڈروں نے مودی حکومت کے وزراء سے سوال کیا تھا کہ تینوں زرعی قوانین کو واپس لیا جائے گا یا نہیں؟ اس پر وزیر زراعت نریندر تومر نے کہا کہ ہم تینوں قوانین میں ترمیم کے لیے تیار ہیں۔ اس جواب پر بحث شروع ہو گئی اور پھر لنچ کے لیے میٹنگ ملتوی کی گئی۔ یہی وجہ ہے کہ کسانوں کی ناراضگی لنچ بریک میں دیکھنے کو ملی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 04 Jan 2021, 6:10 PM