بندیل کھنڈ: دسہرہ میں ’جوتا پوجا‘، کسانوں کا انوکھا احتجاج
کسانوں نے کہا کہ ’’ہمارے پاس ہتھیار تو نہیں ہیں، ہم اتنی استطاعت بھی نہیں رکھتے، لیکن ہمارے پاس جوتے ضرور ہیں، جوتے پہن کر ہم کہیں جاتے ہیں اور جب اس کی ضرورت ہوتی ہے تو چلاتے بھی ہیں۔‘‘
جھانسی: اتر پردیش کے ضلع جھانسی میں اپنے مختلف مطالبات کے سلسلے میں دس دنوں سے دھرنے پر بیٹھے کسانوں نے جمعہ کو وجے دشمی کے موقع پر ہتھیاروں کے مقام پر جوتوں کو سب سے بڑا سرمایہ بتاتے ہوئے ’’جوتا پوجا‘‘ کی۔
کچہری چوک کے پاس گاندھی پارک میں دھرنے پر بیٹھے کسانوں نے نیتا بندیل کھنڈ، کسان پنچایت کے صدر گوری شنکر بدووا نے کہا ’’کسان ابھی پرامن طریقے سے انتظار کر رہے ہیں کہ انتظامیہ اور حکومت ہمارے مطالبات پر دھیان دیں۔ کیونکہ کسانوں کے مطالبات کو پورا کرنے کے لئے ہم نے وقت دیا ہے وہ ابھی پورا نہیں ہوا ہے۔ دسہرے کے اس اہم موقع پر ہم نے اور ہمارے ساتھیوں نے جوتے کی پوجا کی ہے‘‘۔
انہوں نے کہا کہ ’’ہمارے پاس ہتھیار تو نہیں ہیں، ہم اتنی استطاعت بھی نہیں رکھتے، لیکن ہمارے پاس جوتا ضرور ہے۔ ہم جوتے پہن کر کہیں جاتے ہیں اور جب اس کی ضرورت ہوتی ہے تو چلاتے بھی ہیں۔‘‘
یہ ہمار سب سے بڑا ہتھیار ہے اس لئے ہم نے آج اسی کی پوجا کی ہے۔ آج ہم نے اپنے جوتے جو سرکاری دفاتر کے چکر لگاتے لگاتے گھس گئے ہیں ان سبھی کو سلوا کر، ان کی مرمت کرا کے ان کی پوجا کی ہے‘‘۔ کسان لیڈر نے کہا کہ اگر کسانوں کے مطالبات پر دھیان نہیں دیا گیا تو کسان جوتے چلانے پر مجبور ہوجائیں گے۔-
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔