مدھیہ پردیش میں پیاز 50 پیسے اور لہسن 2 روپے فی کلو، کسانوں میں ہاہاکار
حال ہی میں خبر تھی کہ مہاراشٹر کے کسان کوڑیوں کے دام پر پیاز بیچنے کو مجبور ہیں، اب مدھیہ پردیش سے خبر آئی ہے کہ کسان 50 پیسے فی کلو پیاز اور 2 روپے فی کلو لہسن بیچنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔
ملک بھر کے کسان پریشان حال ہیں اور اپنے مطالبات کے لئے قومی راجدھانی دہلی کی سڑکوں تک صدائے احتجاج بلند کر چکے ہیں۔ لیکن مودی حکومت کے کان پر کسی صورت جوں نہیں رینگ رہی ہے اور کسانوں کو کوڑیوں کے دام اپنی فصل کو بیچنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے یا پھر ان کی فصل کو کوئی پوچھنے والا ہی نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ناراض کسان نے اپنی محنت کی کمائی وزیر اعظم مودی کو بھیجی
حال ہی میں مہاراشٹر سے خبر آئی تھی کہ وہاں کے کسان پیاز کے واجب دام نہ ملنے کی وجہ سے ایک روپے فی کلو تک پیاز بیچنے پر مجبور ہیں اور اب مدھیہ پردیش سے خبر آئی ہے کہ وہاں کے کسان 50 پیسے فی کلو پر پیاز اور دو روپے فی کلو پر لہسن بیچنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔
مدھیہ پردیش کے مالوا کی منڈیوں میں اس وقت وبال مچا ہوا ہے کیوںکہ پیاز اور لہسن کے بھاؤ اوندھے منہ گر گئے ہیں۔ پیاز اور لہسن کی فصل اگانے والے کسانوں کو لاگت ملنا تو دور کی بات کرایہ تک وصول نہیں ہوپا رہا ہے۔
ریاست کی سب سے بڑی سرحدی منڈی نیمچ میں پیر کے روز پیاز 50 پیسے فی کلو اور لہسن 2 روپے فی کلو کی شرح پر فروخت کیا گیا۔ اس کی وجہ سے کسان یا تو اپنی فصل واپس لے جا رہے ہیں یا پھر منڈی میں ہی چھوڑ کر جا رہے ہیں۔ کچھ کسانوں کا کہنا ہے کہ اس بھاؤ میں بیچنے سے تو بہتر یہ ہے کہ وہ اپنی فصلوں کو مویشیوں کو کھلا دیں۔
نیمچ ضلع کے ایک کسان نے کہا، ’’سوچا تھا کہ پیاز بک جائے گی تو گھر کی ضرورت کا سامان خرید کر لے جائیں گے لیکن منڈی پہنچے تو معلوم ہوا کہ پیاز کا بھاؤ گر کر 50 پیسے فی کلو رہ گیا ہے۔‘‘
ایک دوسرے کسان پاٹیدار نے کہا ’’میں پیاز واپس اپنے گاؤں لے جا رہا ہوں جہاں اسے مویشیوں کو کھلا دوں گا۔‘‘ پڑوسی ریاست راجستھان کے کسان مہیش بھی اپنی پیاز بیچنے کے لئے منڈی پہنچے لیکن انہیں بھی مایوسی ہاتھ لگی۔ مہیش نے کہا، ’’ہم پیاز لے کر نیمچ آ گئے لیکن یہاں بھی اچھا بھاؤ نہیں مل رہا ہے۔ ہم پیاز یہیں چھوڑ کر جا رہے ہیں، اب واپس لے جانے کا کرایہ کون برداشت کرے گا!‘‘
غور طلب ہے کہ ایک بیگھہ پیاز اگانے میں تقریباً 15 ہزار روپے کی لاگت آتی ہے اور تقریباً 15 کونٹل پیاز کی پیداوار ہوتی ہے۔ اگر پیر کے روز کے بھاؤ سے حساب لگایا جائے تو کسان کو ایک بیگھہ پیاز کی پیداوار کے محض 750 روپے حاصل ہو رہے ہیں۔ ایسا بھی نہیں ہے کہ اس مرتبہ پیاز کی پیداوار بہت زیادہ ہوئی ہو۔ لہسن کی بات کریں تو مدھیہ پردیش کی سب سے بڑی منڈی نیمچ میں پیر کے روز اس کا بھاؤ 2 روپے فی کلو ہی رہ گیا۔
کسانوں کا کہنا ہے کہ ’’لہسن اگانے والا کسان برباد ہو چکا ہے۔ لاگت تک نہیں نکل پا رہی ہے۔ سب کچھ ’اندھیر نگری چوپٹ راجا‘ جیسا ہے۔ کسانوں کی کوئی سننے والا نہیں ہے۔‘‘
واضح رہے، ناسک میں پیاز کے دام گرنے سے کسان بھی بہت پریشان ہیں۔ حالات یہ ہیں کہ کسان ایک کلو پیاز ایک روپے فی کلو کے بھاؤ پر بیچنے کو مجبور ہیں۔ ایک کسان نے تو لاگت کے برابر پیسے نہ ملنے سے ناراض ہو کر ملی رقم کو وزیر اعظم نریندر مودی کو منی آرڈر کر کے بھیج دی۔ احتجاج کے طور پر کسان نے 750 کلو پیاز سے ملی رقم 1064 روپے وزیر اعظم راحت فنڈ میں جمع کرا دیئے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 04 Dec 2018, 5:09 PM