راہل گاندھی سے ملاقات کے لئے پارلیمنٹ پہنچے کسانوں کو ایک گھنٹہ روکا گیا، احتجاج کے بعد دی گئی اجازت
وزیر خزانہ کے لوک سبھا میں بجٹ پیش کئے جانے کے بعد آج پارلیمنٹ میں اس پر بحث ہو رہی ہے۔ دریں اثنا، کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے کہا کہ کسانوں کو ان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی
نئی دہلی: کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی بدھ کو پارلیمنٹ کے احاطے میں کسانوں سے ملاقات کرنے والے ہیں۔ یہ میٹنگ پارلیمنٹ میں راہل گاندھی کے چیمبر میں ہونے ہے۔ دریں اثنا، راہل گاندھی نے کہا کہ کسانوں کے لیے پاس نہیں بنائے جا رہے اور انہیں مجھ سے ملاقات کرنے سے روکا جا رہا ہے۔ تاہم جب یہ معاملہ میڈیا میں آیا تو کسانوں کو راہل گاندھی سے ملاقات کی اجازت دے دی گئی۔
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے کہا، ’’اپوزیشن لیڈر ہونے کے ناطے میں نے کچھ کسانوں کو اپنے چیمبر میں بلایا تھا لیکن ان کے پاس نہیں بن رہے ہیں۔ میں خود اس سے ملنے جا رہا ہوں۔ راہل گاندھی نے کہا کہ یہ ایک مسئلہ ہے۔ ہمیں کیا کرنا چاہئے۔ یہ تکنیکی مسئلہ بھی ہو سکتا ہے۔‘‘
راہل گاندھی نے مزید کہا کہ شاید انہیں کسان ہونے کی وجہ سے پارلیمنٹ کے اندر آنے کی اجازت نہ دی جا رہی ہو۔ شاید حکومت کسانوں کو پارلیمنٹ کے اندر نہیں دیکھنا چاہتی۔ بعد میں خبر آئی کہ راہل گاندھی کسانوں سے ملاقات کے لئے ریل بھون گول چکر جا رہے ہیں لیکن کچھ دیر بعد کسانوں کو اندر جانے کی اجازت مل گئی۔ راہل گاندھی کے دفتر کے مطابق میڈیا میں خبریں آنے کے بعد انہیں بتایا گیا کہ کسانوں کے داخلے کے لیے پاس بنائے جا رہے ہیں۔ اب راہل کے چیمبر میں ملاقات ہوگی۔
خیال رہے کہ کسانوں کا وفد راہل گاندھی سے تقریباً 11 بجے پارلیمنٹ کمپلیکس کے اندر ملاقات کرنے والا تھا لیکن انہیں اجازت نہ ملنے کی وجہ سے ملاقات میں تاخیر ہوئی۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ کسان لیڈر راہل گاندھی سے اپنی اپنے طویل مدتی مطالبات کو پورا کرنے کے لئے پرائیویٹ ممبر بل لانے کی درخواست کریں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔