’کسان 27 روپے میں گزارہ کر رہے اور متر کروڑوں کما رہے‘، چھتیس گڑھ میں پرینکا گاندھی کا خطاب

پرینکا گاندھی نے چھتیس گڑھ میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس حکومت نے کسانوں اور خصوصاً خواتین کو روزگار دے کر ان کی معاشی حالت مضبوط کی اور ترقی کی نئی مثال قائم کی۔

<div class="paragraphs"><p>چھتیس گڑھ میں پرینکا گاندھی، تصویر @INCIndia</p></div>

چھتیس گڑھ میں پرینکا گاندھی، تصویر @INCIndia

user

قومی آواز بیورو

کانگریس کی قومی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے جمعرات کو چھتیس گڑھ کا دورہ کیا۔ بھلائی میں منعقد ایک تقریب کے دوران انھوں نے مہنگائی، بے روزگاری وغیرہ مسائل پر وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور چھتیس گڑھ کی کانگریس حکومت کے ذریعہ مفاد عامہ میں چلائے جا رہے منصوبوں کی تعریف کی۔

پرینکا گاندھی نے کہا کہ چھتیس گڑھ کی عوام کانگریس کو آئندہ اسمبلی انتخاب میں ووٹ کرے تاکہ کانگریس حکومت کے ذریعہ مفاد عامہ میں چلائے جا رہے منصوبے رکنے نہ پائیں۔ مرکزی حکومت نے عوام سے پیسہ چھین کر اپنے صنعت کار ’متروں‘ کی آبیاری کی ہے۔ حالانکہ چھتیس گڑھ کی کانگریس حکومت ایک ایک پیسہ عوام کی جیب میں ڈال رہی ہے۔ مرکزی حکومت کی پالیسیوں سے ہونے والے نقصان سے عوام کو بچانے کا کام چھتیس گڑھ کی کانگریس حکومت کر رہی ہے۔ کانگریس حکومت گاؤں، گائے، گوٹھان اور کسان کی بھلائی کے لیے کام کر رہی ہے۔ چھتیس گڑھ حکومت کی پالیسیوں نے کسانوں اور خصوصاً خواتین کو بڑے پیمانے پر روزگار دے کر ان کی معاشی حالت مضبوط کی ہے اور ترقی کی نئی مثال قائم کی ہے۔


پرینکا گاندھی نے مرکز کے خلاف تلخ تیور اختیار کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کی پالیسیوں کے سبب مہنگائی، بے روزگاری بڑھ رہی ہے۔ غریب اور مڈل کلاس طبقہ مہنگائی سے پریشان ہے۔ مرکزی حکومت نے ملک کی ملکیتیں بڑے بڑے صنعت کاروں کے حوالے کر دی۔ مرکزی حکومت نے جی-20 تقریب کا انعقاد کرایا، یہ اچھی بات ہے۔ حکومت نے جی-20، یشوبھومی اور نئی پارلیمنٹ بنانے میں ہزاروں کروڑ روپے خرچ کر دیے۔ دو ہوائی جہاز آٹھ آٹھ ہزار کروڑ روپے کے خریدے گئے۔ لیکن وزیر اعظم مودی یہ جواب نہیں دے پاتے کہ آپ کی سڑک کیسے بنے گی، مہنگائی کیسے کم ہوگی، روزگار کیسے ملے گا۔ آج کسان ایک دن میں 27 روپے کما رہا ہے اور دوسری طرف وزیر اعظم مودی کے سرمایہ دار دوست ایک دن میں 16 سو کروڑ روپے کما رہے ہیں۔ جب سوال پوچھا جاتا ہے تو عوام کا دھیان بھٹکانے کے لیے جذباتی تقریریں کی جاتی ہیں، مذہب اور ذات کی سیاست کا استعمال ہوتا ہے۔

تقریب میں چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل، ریاستی کانگریس انچارج کماری شیلجا، نائب وزیر اعلیٰ ٹی ایس سنگھ دیو، ریاستی کانگریس صدر دیپک بیج سمیت متعدد سینئر لیڈران موجود رہے۔ اس دوران تقریباً 309.56 کروڑ روپے کے ترقیاتی کاموں کا اجرا اور بھومی پوجن بھی کیا گیا۔ اس موقع پر پرینکا گاندھی نے این جی او کی خواتین کے ساتھ سیلفی لی۔ پرینکا گاندھی کو اپنے درمیان دیکھ کر خواتین بہت خوش ہوئیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔