’’خوشی کے موقع پر بھی کسان جدوجہد کو مجبور، وجہ ہے مودی حکومت‘‘
اکھلیش یادو نے کہا کہ ان دنوں کسانوں کے اشتعال کو دیکھتے ہوئے بی جے پی چودھری صاحب کے تئیں احترام کے اظہار کا دکھاوا کر رہی ہے۔ بی جے پی کا چودھری صاحب کے تئیں یہ محبت پہلی بار جھلکی ہے۔
لکھنؤ: سماجوادی پارٹی (ایس پی) سربراہ اکھلیش یادو نے بدھ کو کہا کہ بی جے پی اقتدار میں ایسا ’یوم کسان‘ آیا ہے جب خوشی کے دن بھی ملک کے کسان سخت سردی میں کھلے آسمان کے نیچے سڑکوں پر جدوجہد کرنے کو مجبور ہیں۔ کسان مسیحا و سابق وزیر اعظم چودھری چرن سنگھ کی 118ویں جینتی پر گلپوشی کرنے کے بعد اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی کا گاؤں-کسان سے کبھی بھی کوئی رشتہ نہیں رہا ہے۔ وہ تو کارپوریٹ سیکٹر کی حامی رہی ہے۔ آج مودی حکومت میں ملک کی تاریخ کا ایک ایسا ’یوم کسان‘ آیا ہے جب خوشی کے مقام پر ملک کے کسان سڑکوں پر جدوجہد کرنے کو مجبور ہیں۔
اکھلیش یادو نے کہا کہ ان دنوں کسانوں کے اشتعال کو دیکھتے ہوئے بی جے پی چودھری صاحب کے تئیں احترام کے اظہار کا دکھاوا کر رہی ہے۔ بی جے پی کا چودھری صاحب کے تئیں یہ محبت پہلی بار جھلکی ہے۔ چودھری صاحب کی بڑی فوٹو لگانے کا کیا مطلب ہے جبکہ بی جے پی کا دل ہی بڑا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس خام خیالی میں نہ رہے کہ وہ ایسا کر کے کسانوں کی آواز کو دبا یا انہیں گمراہ کرسکے گی۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی حکومت کو کسانوں کی بات سننا نہیں چاہتی ہے۔ وہ کسانوں کو ڈرانے دھمکانے میں محو ہے۔ بی جے پی کی عوام مخالف پالیسیوں سے اب گمراہ کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔
اکھلیش یادو نے کہا کہ چودھری صاحب نے زمین داری نظام کو ختم کر کے کسانوں کو راحت فراہم کی تھی۔ زمین تحفظ قانون نافذ کیا۔ چودھری صاحب کا ماننا تھا کہ کسانوں کی خوشحالی سے ہی ملک خوشحال ہوتا ہے۔ چودھری صاحب کا کہنا تھا کہ کھیتوں سے کسانوں کے لگاؤ کی وجہ سے ملک میں کوآپریٹو کھیتی کامیاب نہیں ہوگی۔ اس کے لئے وہ اس وقت کے وزیرا عظم نہرو کی بھی مخالفت کرنے میں ذرا سے بھی تامل نہیں کرتے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔