یوپی میں ضمنی انتخاب سے قبل کسان رہنماؤں کی اکھلیش یادو سے ملاقات، بی جے پی پر تنقید
سماجوادی پارٹی کے دور حکومت میں ہی کسانوں کے حق میں تمام تر ترقی یافتہ کام کیے گئے۔ جبکہ بی جے پی کے دور حکومت میں بے شمار کسانوں نے خود کشی کی
لکھنؤ: کسان یونین کے ایک وفد نے اتوار کو سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اور یوپی کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد کسان لیڈروں نے اکھلیش یادو کو اپنا لیڈر قرار دیا اور کہا کہ اکھلیش یادو ہی واحد ایسے لیڈر ہیں جو ہمیشہ سے ہم کسانوں کی آواز اٹھاتے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سماجوادی پارٹی کے دور حکومت میں ہی کسانوں کے حق میں تمام تر ترقیاتی کام کیے گئے۔ اس کے برعکس بی جے پی کے دور حکومت میں کسانوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ غربت اور قرض سے تنگ آ کر کسانوں نے خود کشی کی۔ بی جے پی حکومت نے اب تک کسانوں کے فلاح و بہبود کے لیے کوئی کام نہیں کیا۔
کسان لیڈران نے کہا، ’’جب اکھلیش یادو وزیر اعلیٰ تھے، اُس وقت سماجوادی حکومت نے گنے کی قیمت میں کافی اضافہ کیا تھا اور تمام بقایا جات کی ادائیگی بھی کی گئی تھی۔ بی جے پی حکومت کے 7 سالہ دور حکومت میں ابھی تک کسانوں کے گنے کی مکمل ادائیگی بھی نہیں کی گئی۔ بی جے پی صرف جھوٹا دعویٰ ہی کر سکتی ہے، عملی طور پر اس کی جانب سے اب تک کوئی ٹھوس اقدام نہیں کیا گیا جس سے کسانوں کو فائدہ پہنچ سکے۔ بی جے پی کے قول و فعل میں کافی تضاد ہے۔‘‘
کسانوں کے وفد نے مزید کہا کہ سماج وادی حکومت کے دوران زرعی پیداوار کی مارکیٹنگ کے نظام پر توجہ دی گئی تھی۔ منڈیوں کے قیام سے بنیادی ڈھانچہ تیار کیا گیا تھا۔ بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا تھا۔ سماج وادی حکومت میں کھیتی کے لیے بجٹ میں 75 فیصد رقم مختص کی گئی تھی۔ کسانوں کے وفد میں بھارتیہ کسان یونین کے باغپت ضلع انچارج ونود کمار، ضلع نائب صدر ہریندر تیاگی اور ضلع ترجمان ہمت سنگھ شامل تھے۔
وہیں، سماج وادی پارٹی کے ریاستی ہیڈ کوارٹر لکھنؤ میں بڑی تعداد میں موجود کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ ملک میں کسان، نوجوان اور غریب بہت پریشان حال ہیں۔ کسانوں کو ان کی فصلوں کی صحیح قیمت نہیں مل رہی ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ کسانوں اور غریبوں کی مدد کرے۔
انہوں نے کہا کہ سماج وادی حکومت کے دوران اتر پردیش میں کسانوں کے مفاد میں کئی اہم فیصلے لیے گئے۔ کسانوں کو سہولیات فراہم کی گئیں، منڈیاں بنائی گئیں۔ عوام سے اور خصوصاً کسانوں سے کیے گئے تمام وعدے پورے کیے گئے۔ جبکہ بی جے پی حکومت نے عوام سے جتنے بھی وعدے کئے سب کے سب جھوٹے نکلے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔