فرید آباد کے ہوٹل میں چھپا تھا وکاس دوبے، پولس کے پہنچنے سے پہلے ہی ہو گیا فرار
8 پولس اہلکاروں کا قتل کرنے والا بھگوڑا گینگسٹر وکاس دوبے فرید آباد میں نظر آیا تھا جس کے بعد ہریانہ پولس کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ پولس چھاپہ ماری سے پہلے ہی وہ فرار ہو گیا۔
اتر پردیش میں 8 پولس اہلکاروں کے قتل کا اہم ملزم وکاس دوبے ابھی تک پولس کی گرفت میں نہیں آ سکا ہے۔ وہ فرید آباد میں نظر آیا تھا جس کے بعد ہریانہ پولس کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے، لیکن اس سے پہلے کہ پولس وکاس دوبے تک پہنچ پاتی، وہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ہسٹری شیٹر وکاس دوبے کے 3 ساتھیوں کو فرید آباد کرائم برانچ نے گرفتار ضرور کر لیا ہے لیکن فی الحال وکاس دوبے کا کچھ پتہ نہیں چل پا رہا ہے۔ وکاس کے ساتھی پربھات سے پولس نے تین پستول برآمد کیے ہیں۔ ان میں سے 2 پستول یو پی پولس کے اور ایک وکاس کی ہے۔ فرید آباد پولس نے پربھات، انکور اور انکور کے والد شرون کی گرفتاری کی تصدیق کر دی ہے۔ ان کے خلاف کھیری پل تھانہ میں مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کووڈ-19 کا بدترین مرحلہ آنا باقی: ڈبلیو ایچ او
ملی جانکاری کے مطابق وکاس دوبے 5 جولائی کو ہی یہاں پر پہنچ گیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہاں کے اندرا انکلیو میں اس کا رشتہ دار انکور رہتا ہے۔ پہلے وہ انکور کے پاس ٹھہرا تھا۔ بعد میں اس کے لیے اویُو میں ٹھہرنے کا انتظام کیا گیا۔ پولس کو اندرا انکلیو سے ہی وکاس کے وہاں ہونے کا سراغ لگا تھا۔ اس کے بعد انکور کو حراست میں لیا گیا۔ اس نے وکاس کے اویُو ہوٹل میں ٹھہرے ہونے کی خبر دی۔ اس کے بعد فرید آباد پولس نے اویو ہوٹل پر چھاپہ ماری کی، لیکن وہاں پر وکاس نہیں ملا، بلکہ پربھات عرف کارتیکے کو ضرور گرفتار کر لیا گیا۔ وکاس دوبے پولس کے پہنچنے سے پہلے ہی ہوٹل سے نکل گیا تھا۔
خفیہ رپورٹ کے مطابق وکاس فرضی پہچان کے ذریعہ بھٹکل چوک علاقہ واقع ایک چھوٹے سے ہوٹل میں رکا تھا۔ ہریانہ اور اتر پردیش کی مشترکہ ٹیموں نے دوبے کے ایک معاون کو حراست میں لیا ہے۔ اس نے تصدیق کی ہے کہ دوبے ہوٹل میں اس کے ساتھ رکا تھا۔ وہیں پولس کو سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے میں کامیابی ملی ہے جس میں دوبے کالے رنگ کی ٹی شرٹ، جینس اور ماسک پہنے ہوٹل میں نظر آ رہا ہے۔
ایک دیگر سی سی ٹی وی کیمرے سے پتہ چلا کہ وہ ایک بیگ رکھے ہے اور سڑک کے کنارے کھڑا ہو کر ایک گاڑی کے آنے کا انتظار کر رہا تھا۔ ہوٹل کے ملازمین کے مطابق وکاس نے اپنی پہچان انکور کی شکل میں کرائی تھی اور پولس کے ہوٹل پہنچنے سے پہلے ہی وہ وہاں سے بھاگ گیا تھا۔ ایک سینئر پولس افسر نے خبر رساں ادارہ آئی اے این ایس کو بتایا کہ "ہماری جانکاری کے مطابق وکاس دوبے دہلی اور این سی آر میں آنے جانے کے لیے پرائیویٹ گاڑی کا استعمال کر رہا ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں صاف دکھائی دے رہا ہے کہ وہ سڑک کے کنارے کھڑے ہو کر ایک گاڑی کا انتظار کر رہا تھا۔" اس درمیان دہلی این سی آر علاقہ میں گینگسٹر کو پکڑنے کے لیے بڑے پیمانے پر کارروائی کی جا رہی ہے۔
اس سے قبل بدھ کی صبح اسپیشل ٹاسک فورس نے اتر پردیش کے موڈھا میں ایک تصادم کے دوران وکاس دوبے کے قریبی امر دوبے کو ہلاک کر دیا۔ وکاس دوبے کا دایاں ہاتھ تصور کیے جانے والے امر کا نام منگل کے روز ہی کانپور پولس نے موسٹ وانٹیڈ کی فہرست میں شامل کیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔