علی گڑھ مسلم یونیورسٹی: پرو وائس چانسلر پروفیسر ایم ایچ بیگ کو دیا گیا شاندار الوداعیہ

پروفیسر بیگ نے کہا کہ ”یہ میری زندگی کے بہت خوبصورت ایام رہے ہیں۔ اس بات کا اعتراف کرتے ہوئے مجھے خوشی کا احساس ہورہا ہے کہ یہاں ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لئے عمدہ اور حوصلہ بخش ماحول میسر ہوا“۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)میں 37سال تک شاندار علمی و انتظامی خدمات انجام دینے کے بعد پرو وائس چانسلر پروفیسر ایم ایچ بیگ آج سبکدوش ہوگئے۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے ایڈمنسٹریٹیو بلاک میں انھیں الوداعیہ دیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر بیگ نے کہا ”یہ میری زندگی کے بہت خوبصورت ایام رہے ہیں، اس بات کا اعتراف کرتے ہوئے مجھے خوشی کا احساس ہورہا ہے کہ یہاں ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لئے عمدہ اور حوصلہ بخش ماحول میسر ہوا“۔ پروفیسر بیگ نے کہاکہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے مجھے پیشہ ورانہ اور ذاتی طور سے ترقی کے لئے مواقع فراہم کیے، اے ایم یو میں مجھے ایسے رفقاء ملے جنھوں نے مجھے بھرپور تعاون کیا اور ہم نے ساتھ مل کر کامیابی حاصل کی۔

پروفیسر بیگ نے کہا ”یہ بات میرے لئے باعث فخر و مسرت ہے کہ ہمارے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور کی فعال قیادت میں اے ایم یو کو ملک کے ممتاز ترین تعلیمی اداروں میں شامل کیا گیا ہے“۔ پروفیسر بیگ نے وائس چانسلر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ انھوں نے ان پر اعتماد کرتے ہوئے پرو وائس چانسلرشپ کی ذمہ داری تفویض کی۔ انھوں نے تعاون کے لئے یونیورسٹی اہلکاروں کا بھی شکریہ ادا کیا۔ وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے اس موقع پر کہا ”پروفیسر بیگ سے میرا قریبی تعلق ہے، ہم 80 کی دہائی کی ابتدا سے قریبی رفیق رہے ہیں اور میں نے انھیں یونیورسٹی کی تعلیمی زندگی میں ہمیشہ بھرپور تعاون دیتے ہوئے پایا“۔


پروفیسر منصور نے کہا کہ پروفیسر بیگ نے کارڈیوتھوریسک سرجری شعبہ کے چیئرمین، فیکلٹی آف میڈیسن کے ڈین اور بطور پرو وائس چانسلر نمایاں خدمات انجام دیں اور طب کے پیشہ کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی میں اعلیٰ اخلاقی قدروں کو برقرار رکھا۔ وہ متعدد کمیٹیوں کے رکن رہے اور سلیکشن کمیٹیوں میں بھی اہم رول ادا کیا۔

پروفیسر منصور نے کہا ”مجھے خوشی ہے کہ پروفیسر بیگ صحت مند حالت میں یونیورسٹی سے رسمی طور سے سبکدوش ہورہے ہیں، اس یقین دہانی کے ساتھ کہ وہ سبکدوش ہونے کے بعد بھی یونیورسٹی برادری کے ایک متحرک رکن کے طور پر اپنی خدمات دیتے رہیں گے“۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ پروفیسر بیگ کی ریسرچ، تدریس اور انتظامی صلاحیتیں وقت کے ساتھ بتدریج بہتر ہوتی گئیں اور ان کے طلبہ اور رفقاء ان کی خردمندی اور تجربہ کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھیں گے۔


اے ایم یو رجسٹرار مسٹر عبدالحمید (آئی پی ایس) نے کہاکہ پروفیسر بیگ نے گزشتہ ایک سال میں متعدد امور و معاملات میں ان کی رہنمائی کی۔ رجسٹرار موصوف نے کہا کہ پروفیسر بیگ نے اپنی تعلیمی و انتظامی ذمہ داریوں کو بخوبی انجام دیا اور تعلیم و تحقیق میں نوجوان اساتذہ اور انتظامی امور میں یونیورسٹی انتظامیہ کی مکمل رہنمائی کی۔

الوداعی تقریب میں فائننس افسر پروفیسر ایس ایم جاوید اختر، کنٹرولر امتحانات مجیب اللہ زبیری، پراکٹر پروفیسر عفیف اللہ خان، ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر پروفیسر شمس الحق صدیقی، سبھی فیکلٹیوں کے ڈین صاحبان، ممبر انچارج، ڈائرکٹرس، پرووسٹ، چیف میڈیکل آفیسر، جوائنٹ رجسٹرار، ڈپٹی رجسٹرار وغیرہ موجود رہے۔


قابل ذکر ہے کہ پروفیسر محمد حنیف بیگ نے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج میں کارڈیو تھوریسک و ویسکولر سرجری شعبہ کا قیام کیا اور اسے فروغ دیا اور 1988 میں اوپن ہارٹ سرجری کی شروعات کی۔ انھوں نے کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی، لکھنؤ سے 1976 میں ایم بی بی ایس کیا اور پی جی آئی چنڈی گڑھ سے ایم ایس (سرجری) اور ایم سی ایچ کیا۔ اے ایم یو کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج سے وہ 1983 میں بطور لیکچرر وابستہ ہوئے اور 1988 میں ریڈر اور 1993 میں پروفیسر ہوئے۔ انھیں قومی و بین الاقوامی سطح کے متعدد ایوارڈ مل چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔