مشہور رقاصہ گیتا چندرن نے گھریلو علاج سے 21 دن میں کورونا کو دی شکست
سنگت ناٹک اکیڈمی ایوارڈ یافتہ مشہور بھرت ناٹیم رقاصہ گیتا چندرن اب صحت مند ہو چکی ہیں اور اس سلسلے میں انھوں نے اپنے فیس بک پر تفصیلی پوسٹ لکھ کر خوشی کا اظہار بھی کیا ہے۔
ہندوستان میں کورونا انفیکشن کے بڑھتے قہر کے درمیان کچھ اچھی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں جو لوگوں کو حوصلہ بخشتی ہیں۔ ایک ایسی ہی خبر سامنے آئی ہے مشہور رقاصہ گیتا چندرن کے تعلق سے جو کورونا پازیٹو تھیں اور گھر میں ہی خود کو کوارنٹائن کر کے علاج کر رہی تھیں۔ اب پتہ چلا ہے کہ وہ گھریلو علاج سے 21 دنوں میں کورونا کو شکست دینے میں کامیاب ہو گئی ہیں اور ان کی زبان کا ختم ہو چکا ذائقہ بھی واپس آ گیا ہے۔
سنگت ناٹک اکیڈمی ایوارڈ یافتہ مشہور بھرت ناٹیم رقاصہ گیتا چندرن اب پوری طرح سے صحت مند ہو چکی ہیں اور اس سلسلے میں انھوں نے اپنے فیس بک پر تفصیلی پوسٹ لکھ کر خوشی کا اظہار بھی کیا ہے۔ فیس بک پر انھوں نے کورونا سے لڑائی کی اپنی پوری داستان لکھ دی ہے اور بتایا ہے کہ کس طرح 5 جون کو بخار کا احساس ہوا اور پھر کورونا پازیٹو پائے جانے کے بعد گھر پر احتیاط اور گھریلو علاج سے اپنی طاقت دوبارہ حاصل کی۔
’ناٹیہ ورکش‘ کی بانی اور صدر گیتا چندرن نے جمعہ کے روز فیس بک پر لکھا کہ "مجھے 5 جون کو بخار تھا۔ ڈاکٹروں نے اسے ایک عام بخار سمجھا ، لیکن جب میری زبان کا ذائقہ بھی 6 جون کو ختم ہوا تو انہوں نے کورونا کا ٹیسٹ کرایا۔ اس کی رپورٹ سے پتہ چلا کہ میں اس وبائی مرض (کورونا انفیکشن) کا شکار ہوچکی ہوں۔ اس کے بعد میں نے گھر میں رہتے ہوئے خود کو الگ کیا اور گھریلو علاج کرتی رہی۔" گیتا چندرن مزید لکھتی ہیں کہ "احتیاط اور گھریلو علاج کےعلاوہ میں اپنے بخار کی روزانہ نگرانی کرتی رہی اور آکسی میٹر مشین سے اپنے پھیپھڑوں میں آکسیجن کی سطح کی جانچ بھی کرتی رہی۔"
گیتا چندرن نے اپنی صحت یابی کے تعلق سے فیس بک پوسٹ میں لکھا ہے کہ "گزشتہ 10 دنوں سے مجھے بخار نہیں ہے اور میری زبان کا ذائقہ بھی واپس آگیا ہے ۔" گیتا چندرن نے بتایا کہ اب وہ اپنی پرانی طاقت دوبارہ حاصل کر رہی ہیں اور بہت اچھا محسوس ہو رہا ہے۔ انھوں نے اپنے سوشل میڈیا پوسٹ میں اپنے شیدائیوں کو یہ جانکاری بھی دی ہے کہ دہلی حکومت نے انھیں فون کر کے مطلع کیا ہے کہ ان کے کوارنٹائن کی مدت ختم ہو چکی ہے۔ یقیناً یہ خبر گیتا چندرن اور ان کے چاہنے والوں کے لیے بہت ہی خوش انگیز ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔